• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

سلمان فیصل نے اہلیہ پر والدہ صبا فیصل کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

شائع December 8, 2022
صبا فیصل نے ایک دن قبل بہو پر الزامات لگائے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
صبا فیصل نے ایک دن قبل بہو پر الزامات لگائے تھے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ صبا فیصل کے صاحبزادے سلمان فیصل نے والدہ کی جانب سے اہلیہ پر سنگین الزامات عائد کیے جانے پر خاموشی توڑتے ہوئے لوگوں کو کہا ہے کہ ان کی اہلیہ کے حوالے سے غلط باتیں نہ کی جائیں۔

سلمان فیصل کی والدہ صبا فیصل نے ایک روز قبل بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے بہو اور بیٹے سے لاتعلقی کا اظہار کیا تھا۔

صبا فیصل نے واضح کیا تھا کہ اب ان کا اور پورے خاندان کا ان کے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔

صبا فیصل نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتےہوئے کہا تھا کہ جس بھی گھر میں نیہا ملک جیسی عورت جاتی ہے تو وہ گھر جہنم بن جاتا ہے۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں اگرچہ صبا فیصل نے بہو پرالزام لگایا تھا کہ ان جیسی خواتین گھروں کو جہنم بناتی ہیں، تاہم انہوں نے اپنی بہو کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات نہیں بتائی تھی۔

والدہ کی جانب سے اہلیہ پر سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد اب سلمان فیصل نے بھی خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ والدہ بھی ان کی ہیں اور نیہا بھی ان کے بچے کی ماں ہیں۔

انہوں نے اپنی دو انسٹاگرام پوسٹس میں سے ایک میں کسی کو مینشن کیے بغیر لکھا کہ ’والدہ بھی ان کی ہیں اور نیہا بھی ان کی اہلیہ ہیں، ان کے خلاف سوچ سمجھ کر بولیں‘۔

انہوں نے لکھا کہ ان کی والدہ اور اہلیہ کے خلاف باتیں ہونے سے انہیں تکلیف ہو رہی ہے۔

سلمان فیصل نے اپنی دوسری پوسٹ میں بھی کسی کو مینشن کیے بغیر لکھا کہ ’بہت ہوگیا، ہر کوئی سوچ سمجھ کر بولے، اپنی غلیظ سوچ اپنے پاس رکھیں‘۔

انہوں نے لکھا کہ نیہا ملک ان کی اہلیہ اور ان کے بچے کی ماں ہیں اور سب لوگوں کو ان کی عزت کرنی چاہیے۔

سلمان فیصل نے والدہ کے الزامات پر مزید کوئی وضاحت نہیں کی اور انہوں نے اپنی پوسٹس کے کمنٹس بھی بند کردیے۔

خیال رہے کہ صبا فیصل کی جانب سے بہو پر الزامات کا یہ سلسلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ کئی ماہ سے ان کے بیٹے اور بہو کے درمیان اختلافات کی خبریں وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر گردش کرتی آئی تھیں۔

گزشتہ سال کے آغاز اور وسط میں صبا فیصل کے بیٹے اور بہو کے درمیان طلاق کی خبریں پھیلی تھیں، جس پر اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

بعد ازاں سلمان فیصل اور نیہا ملک نے بھی طلاق کی خبروں کو مسترد کردیا تھا اور جوڑے کے ہاں نومبر 2021 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان اختلافات کی خبریں ختم ہوگئی تھیں۔

نیہا ملک اور سلمان فیصل نے 2019 میں شادی کی تھی اور انہیں ایک ہی بیٹا روحان سلمان فیصل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024