• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

بھارت کو بنگلہ دیش کے ہاتھوں مسلسل دوسرے ون ڈے میں شکست

شائع December 7, 2022
ویرات کوہلی نے اوپننگ کی لیکن 5 رنز بناسکے—فوٹو: اے ایف پی
ویرات کوہلی نے اوپننگ کی لیکن 5 رنز بناسکے—فوٹو: اے ایف پی

بنگلہ دیش نے مہدی حسن میراز کی سنچری اور 2 وکٹوں کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت بھارت کو مسلسل دوسرے ون ڈے میں شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی۔

میرپور میں کھیلے گئے 3 میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم بھارت جیسی مضبوط بیٹنگ کے لیے ایک بڑا اسکور ترتیب میں دینے میں ناکام رہے لیکن اپنے اسکور کا کامیاب دفاع کیا۔

بنگلہ دیش کے ابتدائی طور پر 6 کھلاڑی صرف 69 رنز آؤٹ ہوگئے تھے، جن میں کپتان لٹن داس 7، اوپنر انعام الحق 11 اور نجم الحس شانٹو 21 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

تجربہ کار آل راؤنڈر شکیب الحسن 8 اور وکٹ کیپر مشفق الرحیم کی اننگز 12 رنز تک محدود رہی۔

بھارت کی جانب سے محمد سیراج اور عمران ملک نے ابتدائی تین وکٹیں حاصل کیں۔

محموداللہ اور مہدی حسن میراز نے ٹیم کو دلدل سے نکالا جہاں 69 رنز پر آخری وکٹ عفیف حسین کی صورت میں گری تھی۔

دونوں بلے بازوں نے شان دار شراکت قائم کرتے ہوئے بنگلہ دیش کا اسکور 46 اوورز میں 217 رنز تک پہنچایا اور دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کی۔

محموداللہ آؤٹ ہونے والے ساتویں اور آخری بلے باز تھے، جنہوں نے 96 گیندوں کا سامنا کرکے 7 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی۔

دوسرے اینڈ سے مہدی حسن میراز نے شان دار بیٹنگ جاری رکھی اور اپنی سنچری مکمل کی۔

بنگلہ دیش نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں پر 271 رنز بنائے۔

مہدی حسن میراز نے ناقابل شکست 100 رنز بنائے، نسم احمد نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔

مہدی حسن میراز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: اے ایف پی
مہدی حسن میراز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو: اے ایف پی

بھارت کی جانب سے واشنگٹن سندر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد سیراج اور عمران ملک نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے شیکھر دھون کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں تجربہ بلے باز ناکام ہوئے اور بالترتیب 5 اور 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے شریاس آئر نے 102 گیندوں پر 82 رنز کی اننگز ضرور کھیلی لیکن دوسرے اینڈ سے واشنگٹن سندر اور کے ایل راہول زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہ سکے اور بالترتیب 11 اور 14 رنز بنا کر شکیب الحسن اور مہدی حسن میراز کا شکار بنے۔

آکشر پٹیل 56 گیندوں پر 2 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنا کر بھارتی ٹیم کو جیت کی امید دلائی تاہم عبادت حسین نے انہیں شکیب الحسن کا کیچ بنادیا۔

شردل ٹھاکر 7 اور دیپک چاہر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارت کا اسکور 45 اوورز میں 8 وکٹوں پر 213 رنز تھا جبکہ کپتان روہت شرما دوسرے اینڈ پر کھڑے تھے۔

بھارت نے کپتان روہت شرما کی نصف سنچری کی بدولت 49 اوورز میں 9 وکٹوں پر 252 رنز بنا لیے تھے، آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد سیراج تھے، جنہوں نے صرف 2 رنز کا اضافہ کیا۔

کپتان روہت شرما نے ٹیم کو فتح دلانے کی بھرپور کوشش کی لیکن 50 اوورز کے اختتام پر اسکور 266 رنز تک پہنچا پائے۔

روہت شرما نے آؤٹ ہوئے بغیر 51 رنز بنائے، عمران ملک کو بیٹنگ کا موقع نہیں ملا۔

بنگلہ دیش کے باؤلر عبادت حسین نے بھارت کے 3 بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مہدی حسن میراز نے 2 اور مستفیض الرحمٰن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بنگلہ دیش نے میچ 5 رنز سے جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔

مہدی حسن میراز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل 4 دسمبر کو بنگلہ دیش نے بھارت کو پہلے ون ڈے میں ایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں برتی حاصل کرلی تھی۔

سیریز کا تیسرا میچ 10 دسمبر کو چٹوگرام میں کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024