• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صبا فیصل کا بیٹے اور بہو سے لاتعلقی کا اعلان، بہو پر سنگین الزامات

شائع December 7, 2022
اداکارہ ویڈیو میں جذباتی ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام
اداکارہ ویڈیو میں جذباتی ہوگئیں—فوٹو: انسٹاگرام

سینیئر اداکارہ صبا فیصل نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے ان سے اور بیٹے اداکار سلمان فیصل سے لاتعلقی کا اظہار کردیا۔

صبا فیصل نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو میں واضح کیا کہ اب ان کا اور پورے خاندان کا ان کے بیٹے سلمان سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اپنے گھر کے راز سامنے نہیں لانا چاہتی تھیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی اپنے خاندان کی باتیں اس طرح سوشل میڈیا پر لوگوں کے ساتھ شیئر کی ہیں، تاہم اب وہ مجبور ہوکر بتا رہی ہیں کہ ان کا بیٹے اور بہو کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔

صبا فیصل نے بہو نیہا ملک پر سنگین الزامات عائد کرتےہوئے کہا کہ جس بھی گھر میں نیہا ملک جیسی عورت جاتی ہے تو وہ گھر جہنم بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے چار سال تک بہو کو برداشت کیا، اب ان سے مزید برداشت نہیں ہوتا، وہ کافی عرصے سے یہی سوچتی رہتی تھیں کہ ان کا بیٹا نیہا ملک کے ساتھ کیسے زندگی گزارے گا؟

اداکارہ نے مزید کوئی تفصیل بتائے بغیر بہو پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ مداح ان کی باتوں اور ان کی آنسوؤں سے ان کا درد اور ان کی مجبوری کا اندازاہ لگائیں۔

صبا فیصل نے کہا کہ اگر ان کے بیٹے سلمان فیصل سمجھتے ہیں کہ وہ اہلیہ کے ہمراہ خوش رہیں گے تو وہ ان کی خوشی کیلئے دعاگو ہیں لیکن اب سے ان کا بیٹے اور بہو سے کوئی تعلق نہیں۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ نہ صرف ان کا بلکہ ان کی بیٹی اور دوسرے بیٹے سمیت شوہر کا بھی سلمان فیصل اور نیہا ملک سے اب کوئی تعلق نہیں۔

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں اگرچہ صبا فیصل نے بہو پر الزام لگایا کہ ان جیسی خواتین گھروں کو جہنم بناتی ہیں، تاہم انہوں نے اپنی بہو کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

صبا فیصل نے لوگوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ دوسروں کی باتوں پر اندازوں پر مبنی تبصرے کرنا بند کردیں۔

صبا فیصل کی جانب سے مذکورہ ویڈیو ایک ایسے وقت میں آئی ہیں جب کہ کئی ماہ سے ان کے بیٹے اور بہو کے درمیان اختلافات کی خبریں وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر گردش کرتی آئی ہیں۔

گزشتہ سال کے آغاز اور وسط میں صبا فیصل کے بیٹے اور بہو کے درمیان طلاق کی خبریں پھیلی تھیں، جس پر اداکارہ نے وضاحت کرتے ہوئے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

بعد ازاں سلمان فیصل اور نیہا ملک نے بھی طلاق کی خبروں کو مسترد کردیا تھا اور جوڑے کے ہاں نومبر 2021 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد ان کے درمیان اختلافات کی خبریں ختم ہوگئی تھیں۔

تاہم اب صبا فیصل کی جانب سے ویڈیو جاری کیے جانے کے بعد ایک بار پھر سلمان فیصل اور نیہا ملک کے درمیان اختلافات اور علیحدگی کی خبریں زور پکڑنے لگی ہیں۔

نیہا ملک اور سلمان فیصل نے 2019 میں شادی کی تھی اور انہیں ایک ہی بیٹا روحان سلمان فیصل ہے۔

صبا فیصل کی جانب سے بیٹے اور بہو سے علیحدگی کی ویڈیو جاری کیے جانے کے بعد متعدد شوبز شخصیات نے ان کی پوسٹ پر کمنٹس کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کیا اور انہیں ایک اچھی والدہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ویڈیو سے ایک ماں کا درد نظر آ رہا ہے۔

دوسری جانب سلمان فیصل اور نیہا ملک سمیت ان کے اہل خانہ کے دیگر کسی فرد نے مذکورہ معاملے پر کوئی وضاحت نہیں دی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024