انگلینڈ کا 17 برس بعد دورہ پاکستان، ’بارمی آرمی‘ انتہائی پُرجوش
انگلینڈ کی 17 برس بعد پاکستان میں ابتدائی ٹیسٹ میچ میں جیت پر ’بارمی آرمی‘ کے حامی انتہائی پُرجوش ہیں۔
انگلینڈ کی جانب سے پہلے میچ میں 74 رنز سے کامیابی پر جذباتی تماشائیوں نے تیز آواز میں ’جِنگل بیل، جِنگل بیل، جِنگل آل دی وے‘ کے نعرے لگاتے ہوئے کہا کہ کیا تفریح والا میچ تھا جو انگلینڈ نے جیتا ہے۔
اسٹیڈیم میں میوزک کے دوران مداحوں کی ٹی-شرٹس پر لکھا تھا کہ ’شور مچاؤ‘، جبکہ گانا گاتے ہوئے میزبان ملک کی تعریف بھی کر رہے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ 2009 میں سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے بعد سے معطل تھی، تاہم 2019 میں سخت سیکیورٹی میں ٹیسٹ کرکٹ بحال ہوئی تھی۔
بارمی آرمی کے معروف اینڈی تھامسن نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ میں واپس آنے کے لیے انتظار نہیں کر پارہا تھا۔
اینڈی تھامسن نے بارمی آرمی سے تین برس قبل ریٹائرمنٹ سے پہلے غیر ملکی دوروں میں 77 ٹیسٹ اور 22 ایک روزہ میچز میں شرکت کی۔
انہوں نے آخری بار 2005 میں ٹیسٹ میچ کے دوران دورہ کیا تھا، جب ان سے پوچھا گیا تھا کہ آپ پاکستان واپس جائیں گے؟ انہوں نے بتایا تھا میں ریٹائرمنٹ ختم کر رہا ہوں کیونکہ میں اپنے ملک سے محبت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں یہاں پر بہت مطمئن ہوں، یہ بالکل 2005 جیسا ہی ہے، بالکل اسی طرح لوگ مسکراہٹ کے ساتھ خوش آمدید کہتے ہیں اور ہر شخص مدد کرنا چاہتا ہے۔
بارمی آرمی
1994 میں آسٹریلیا کا دورہ کرتے ہوئے بارمی آرمی 3 لوگوں نے قائم کی تھی، جس کے بعد انہوں نے انگلینڈ کے ہر میچ میں شرکت کی ہے۔
انہیں آسٹریلیا کے میڈیا کی جانب سے ’بارمی‘ کا نام ان کے ٹیم سے پیار اور ’آرمی‘ کا نام ان کی بڑی تعداد کی وجہ سے دیا گیا۔
مداحوں کی تنظیم نے اس کے بعد سے تجارتی منصوبے شروع کیے، انہوں نے دنیا بھر میں انگلینڈ ٹیم کے میچوں کو دیکھنے کے لیے دوروں کا انتظام کرنا شروع کیا۔
تنظیم کے منیجنگ ڈائریکٹر کرس ملرڈ نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل ہر شخص پاکستان واپس آنے کے حوالے سے تحفظات اور ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہا تھا، تاہم ہم نے جو سوچا تھا یہاں صورتحال اس سے بالکل مختلف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا دوروں کے درمیان جتنے لوگوں سے سامنا ہوا ہے، یہاں کے لوگ بہت زیادہ خوش آمدید کرنے والے ہیں۔
انگلینڈ کے بلے باز جوئے روٹ کے والد میٹ روڈ نے کہا کہ وہ اور میں یہاں پر بہت محظوظ ہو رہے ہیں۔