• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دو سے تین ہفتوں میں کرکٹ میں واپسی ہوگی، شاہین آفریدی

شائع December 7, 2022
شاہین آفریدی کی بچوں کو خوراک کی آگاہی دینے کے اقدام کی تعریف—فوٹو: لاہور قلندرز ٹوئٹر
شاہین آفریدی کی بچوں کو خوراک کی آگاہی دینے کے اقدام کی تعریف—فوٹو: لاہور قلندرز ٹوئٹر

پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے جلد ہی ٹیم میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دو سے تین ہفتوں میں کرکٹ کے میدان واپس آئیں گے۔

لاہور قلندرز کے زیر اہتمام پریس کانفرنس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ وہ دو سے تین ہفتوں میں گراؤنڈ پر واپس آجائیں گے۔

شاہین شاہ کے ساتھ فاسٹ باؤلر حارث رؤف بھی موجود تھے جو حال ہی میں انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

شاہین شاہ نے میدان میں واپس آنے والے کھلاڑیوں اور ان کی انجری کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ہم ان فٹ نہیں ہوئے مگر بری نظر لگی ہے۔

انہوں نے کہا میرے ساتھ ایک میڈیکل بورڈ تھا جو مجھے غذا کے بارے میں رہنمائی کر رہا تھا کہ کیا کھانا چاہیے اور کیا نہیں۔

شاہین شاہ نے مزید کہا کہ میڈیکل ٹیم انہیں غذائی ضروریات کے مطابق کھانا فراہم کر رہی ہے کیونکہ وہ کم پروٹین لیتے ہیں۔

تقریب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بچوں کی عام سرگرمیوں کے لیے کھلاڑی ہر وقت حاضر ہیں اور ہمیں کسی وقت بھی اس سلسلے میں بلایا جا سکتا ہے۔

لاہور قلندرز کے سربراہ عاطف رانا کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں کو خوراک کے حوالے سے آگاہی دینا بہت اچھا اقدام ہے۔

قلندرز کی جانب سے بچوں کو خوراک کی آگاہی دینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بچے بڑے ہوکر کرکٹ کھیلیں گے اور اگر کسی چیز کے بارے میں آگاہی ہو تو اسی حساب سے انسان خود کو فٹ رکھتا ہے جو طویل عرصے تک کام آتا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ لاہور قلندرز صرف کرکٹ نہیں کھیلتی مگر ایک فیملی کی طرح ہے جس کے ساتھ بہت لوگوں کی دعا اور پیار ہے۔

اس موقع پر لاہور قلندرز کے سربراہ عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز صرف کرکٹ نہیں بلکہ اپنے ملک اور صوبے کے لیے بھی کام کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپورٹس اور خوراک کو ہم علیحدہ نہیں کر سکتے کیونکہ بچوں کو یہ پتا نہیں ہوتا ہے کہ کس طرح کی خوراک لینی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024