• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

وزیراعلیٰ نے تجویز دی تو اسمبلی تحلیل کردوں گا، گورنر خیبرپختونخوا

شائع December 7, 2022
گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلیوں میں واپس آکر قانون سازی کا حصہ بننا چاہیے—فائل فوٹو: فیس بُک
گورنر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اسمبلیوں میں واپس آکر قانون سازی کا حصہ بننا چاہیے—فائل فوٹو: فیس بُک

صوبہ خیبر پختونخوا کے گورنر حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ اگر وزیراعلیٰ نے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تجویز دی تو وہ آئین پر عمل کریں گے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق سٹی یونیورسٹی میں کانووکیشن کی تقریب کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صوبے میں گورنر راج کے امکان کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ آپشن زیر غور نہیں ہے۔

انہوں نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سمری آئی تو وہ آئین کے مطابق دستخط کریں گے، تاہم انہوں نے تجویز دی کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کے بجائے پاکستان تحریک انصاف کو ایوان میں واپس آکر قانون سازی کے عمل کا حصہ بننا چاہیے۔

گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ آئین ریاست کی بنیاد ہے اور وہ اس پر قائم رہیں گے، جلد الیکشن کا مطالبہ کرنے والے بار بار بیان تبدیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اگلے سال مئی میں عام انتخابات کرانے کا مطالبہ کررہی ہے، لیکن الیکشن کی تاریخ اگلے برس اکتوبر میں پہلے سے طے ہے، اکتوبر اور مئی میں صرف کچھ ماہ کا فرق رہ جاتا ہے۔

خیبرپختونخوا کی جامعات میں مالیاتی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ اس صورتحال پر بات کرنے کے لیے اجلاس بلایا ہے جس میں تمام جامعات کی انتظامیہ شریک ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعات کی مالی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024