• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

افغانستان کے صوبے بلخ میں دھماکا، 7 افراد جاں بحق، 6 زخمی

شائع December 6, 2022
—فوٹو: ٹوئٹر
—فوٹو: ٹوئٹر

افغانستان کے صوبے بلخ میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے کے نتیجے میں پیٹرولیم کمپنی کے 7 ملازمین جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبے بلخ کے پولیس ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا کہ آج صبح 7 بجے مزار شریف شہر میں سید آباد موڑ کے قریب آئل کمپنی کے ملازمین کی بس کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ جائے حادثہ کو سیل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بم سڑک کنارے موجود ریڑھی میں نصب تھا جو بس کے مذکورہ مقام پر پہنچنے پر دھماکے سے پھٹ گیا، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

محمد آصف وزیری نے بتایا کہ اب تک کسی تنظیم نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، البتہ سیکیورٹی حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ بس میں سوار ملازمین کس کے لیے کام کرتے تھے۔

صوبہ بلخ، ازبکستان کی سرحد کے قریب ہیراتان قصبے میں افغانستان کی مرکزی بندرگاہوں میں سے ایک ہے۔

گزشتہ سال اگست میں طالبان نے اقتدار میں آنے کے بعد مسلسل دعویٰ کیا ہے کہ خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے لیکن ان کے ان دعوؤں کے برعکس افغانستان میں مسلسل دھماکوں اور پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں افغانستان کے شہر ایبک میں قائم مدرسے میں دھماکا ہوا تھا جس میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 24 زخمی ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024