• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 5 دہشت گرد ہلاک، فوجی جوان شہید

شائع December 5, 2022
شہید سپاہی ناصر خان — فوٹو: آئی ایس پی آر
شہید سپاہی ناصر خان — فوٹو: آئی ایس پی آر

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے جھلرا الگاد میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر کی گئی کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

مزید بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جنوبی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ سپاہی ناصر خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

خیال رہے کہ 3 دسمبر کو بھی خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر مارا گیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے کہا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں خطرناک دہشت گرد کمانڈر محمد نور عرف سراکئی مارا گیا، ہلاک دہشت گرد کے زیرقبضہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

یاد رہے کہ 30 نومبر کو بھی شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ایک فوجی جوان شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے شیوا میں 30 نومبر کو سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مقابلہ کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024