• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کا فیصلہ جنرل فیض اور جہانگیر ترین کا تھا، پرویز الہٰی

شائع December 5, 2022
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کو میر جعفر میر صادق والی بات نہیں کہنی چاہیے تھی— فوٹو: ڈان نیوز
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کو میر جعفر میر صادق والی بات نہیں کہنی چاہیے تھی— فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ جنرل فیض اور جہانگیر ترین کا تھا اور ہم نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی تھی، اگر فیض صاحب میری باتیں مان لیتے تو پچھلے چار سال ضائع نہ ہوتے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوز لائن‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ ججز، عدلیہ، فوج سمیت تمام اداروں کے ساتھ بہت پرانا تعلق ہے، یہ 80کی دہائی سے چلا رہا ہے، ہمارا یہی ماننا ہے کہ ان کے جتنا قریب رہیں گے اتنا ہی حالات و واقعات پر زیادہ نظر رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب ہمارے ساتھ چار سال سے چل رہے ہیں جبکہ اس سے قبل قادری صاحب کے ایونٹس میں بھی ہم اکٹھے تھے، شروع شروع میں خان صاحب کے اردگرد لوگوں نے بڑی غلط فہمیاں پیدا کیں لیکن حالات و واقعات نے وہ غلط ثابت کیں۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے حلف لیا تو میں نے کہا تھا کہ میں اسمبلی توڑنے میں ایک منٹ بھی نہیں لگاؤں گا، اب بھی میرا یہی کہنا ہے کہ خان صاحب جب بھی کہیں گے تو اسمبلیاں توڑ دوں گا لیکن اب آپ نے یہ سوچنا ہے کہ اس میں فائدہ کیا ہے اور نقصان کیا ہے۔

’فی الحال چار ماہ تو کچھ نہیں ہو رہا‘

پرویز الٰہی نے کہا کہ فی الحال چار ماہ تو کچھ نہیں ہو رہا، اپوزیشن کے پاس مذاکرات کا اچھا موقع ہے کہ وہ بیٹھ کر بات کریں، مارچ تک انہیں اپنا ہوم ورک کرنا چاہیے کہ الیکشن کیسے ہو گا، چیف الیکشن کمشنر پر ہمیں بڑے اعتراضات ہیں اور ان کی یہ کوشش ہے کہ عمران خان کو نااہل کردیں۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ اس کا مطلب ہے کہ اسمبلی اپنی مدت پوری کرے گی تو انہوں نے کہا کہ یہ بات نہیں ہے، اس کا انحصار اس بات پر ہو گا کہ اپوزیشن کا کیا رویہ رہتا ہے اور جو بٹھانے والے ہیں، وہ بٹھائیں گے لیکن مارچ تک اسی طرح معاملہ چلے گا۔

پنجاب میں حکومت کے قیام میں سابق آرمی چیف کے کردار کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے شریف برادران کے بارے میں ہمیشہ سے شک تھا کیونکہ میں نے 18سال ان کے ساتھ گزارے، یہ ہر دفعہ جھوٹ بولنا ہے، مجھے پتا تھا کہ نہ یہ کام کرنے دیں گے اور میں جو صوبے کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں تو وہ کرنے نہیں دیں گے، جب ادارے سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ آپ خود سوچ لیں کہ آپ کے لیے کیا بہتر ہے، ہم نے انہیں بتایا کہ عمران خان سے بات ہو گئی ہے تو انہوں نے بھی کہا کہ یہ بہتر راستہ ہے۔

ایک اور سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نہ خان صاحب نے ڈبل گیم کھیلی ہے اور نہ باجوہ صاحب نے ڈبل گیم کھیلی، حالات و واقعات آپ کو ایسی جگہ پر چھوڑ دیتے ہیں کہ آپ کے پاس کوئی راستہ نہیں ہوتا، میرے نظر میں خان صاحب کا صحیح فیصلہ تھا، میرا اور مونس کا فیصلہ بھی درست تھا اور اس کا نتیجہ بھی درست نکلا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی والے مسئلے پر بھی ہمارا یہی موقف تھا کہ باجوہ صاحب نے آپ کے لیے بہت کچھ کیا ہے اور عزت دینے سے آپ کی عزت بڑھے گی، فیض صاحب کا معاملہ عجیب طرح کا تھا تو اس کا یہی حل تھا کہ وہ ریٹائر ہو گئے۔

’عمران خان کو میر جعفر میر صادق والی بات نہیں کہنی چاہیے تھی‘

ان کا کہنا تھا کہ فیض صاحب نے میری کچھ باتیں مانیں، مزید کچھ اور مان لیتے تو پچھلے چار سال ضائع نہ ہوتے، حالانکہ عثمان بزدار کو میں نے ہی بنوایا تھا کیونکہ اس کے والد کے ساتھ تعلق تھا لیکن ہمارا صوبہ کئی ممالک سے بڑا ہے، اس طرح سے بدقسمتی سے صوبہ نہیں چلتا، اس کا نقصان ہوا ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ جنرل فیض اور جہانگیر ترین کا تھا اور ہم نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو میر جعفر میر صادق والی بات نہیں کہنی چاہیے تھی، جن کے ساتھ آپ رہے ہیں، جنہوں نے آپ کی مشکل وقت میں اتنی مدد کی، ان کے بارے میں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا لیکن عمران خان ہمارا لیڈر ہے تو ان کے بارے میں زیادہ نہیں کہہ سکتا۔

اس سے قبل بول نیوز کے اینکرپرسن سمیع ابراہیم کو انٹرویو دیتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نئے انتخابات صاف اور شفاف ہوں اور جو نیا ’سیٹ اپ‘ آیا ہے وہ اس بات پر قائم ہے کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم دعا کرتے تھے کہ کوئی ایسا شخص آئے جو شریفوں کو نتھ ڈالے کیونکہ وہ کام بھی غلط کرتے ہیں، کسی حکومت کو چلنے بھی نہیں دیتے اور جو ان کو لاتا ہے اسے ختم کرتے ہیں۔‘

’عمران خان ہی نواز شریف کو سزا دیں گے‘

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان کی ایک چیز کو تسلیم کرنا ہوگا کہ انہوں نے گولیاں برداشت کرنے کے باوجود بھی شریف خاندان کے لیے خوف پیدا کردیا ہے اور اب ہر وقت ان کی زبان اور سوچ میں صرف عمران خان کا نام ہے جس کی پاکستان کو بہت ضرورت تھی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر بار جب بھی کسی سے جھگڑا ہوا ہے تو اس میں قصوروار نواز شریف ہی تھے جن کو بہت تکبر ہے اور اب یہ چیز ان کے بچوں میں منتقل ہوگئی ہے مگر لگتا ہے کہ عمران خان ہی ان کو سزا دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب چوہدری شجاعت اور محسن نقوی میرے پاس آئے اور بتایا کہ ’میاں صاحب نے پیشکش کی ہے، مگر اسی دوران عمران خان نے بھی پیشکش کی اور میرے دل میں یہ تھا کہ کسی طرح شریف خاندان سے دور رہیں کیونکہ انہوں نے میرے ساتھ 5 بار دھوکا کیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتے تھے کہ ہم ان کے ساتھی بنیں اور مونس الٰہی کی بھی ضد تھی کہ ہمیں عمران خان کا ساتھ دینا ہے اور اسی طرح جاتے جاتے اللہ نے ہمیں راستہ دکھانے کے لیے قمر جاوید باجوہ کو بھیج دیا۔

’باجوہ صاحب نے کہا کہ آپ خود سوچ کر چلیں، عمران خان کا راستہ بہتر ہے‘

انہوں نے کہا کہ جب میں نے باجوہ صاحب سے بات کی کہ ہمیں شریفوں سے یہ خطرات ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ خود سوچ کر چلیں کیونکہ آپ اور آپ کے دوستوں کے لیے عمران خان کا راستہ بہتر ہے۔

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے 2004 سے 2008 تک اپنے پہلے دور میں شریف خاندان کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں کی اور اب بھی ایسا کچھ نہیں کیا مگر وہ جب بھی حکومت میں آتے ہیں تو وہیں سے شروع کرتے ہیں جہاں زیادتیوں کا سلسلہ چھوڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیلاب زدہ صوبوں کے لیے فنڈ جمع کیا جو ہم نے پنجاب میں تقسیم کرنا شروع کردیا ہے اور سندھ کے لیے بھی ایک ارب رکھا گیا ہے لیکن ابھی تک سندھ میں سروے مکمل نہیں ہوا۔

مسلم لیگ(ق) کے رہنما نے کہا کہ ہم نے ایمرجنسی ہسپتالوں میں ادویات مفت کردی ہیں اور وہاں کام کرنے والے طبی عملے کی تنخواہیں بھی تین گنا بڑھا دی گئی ہیں۔

اورنج لائن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ہر سال اربوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا اس لیے ہم نے اس میں تبدیلی کرکے سفر کے لحاظ سے کرایہ مقرر کردیا ہے جس سے ریونیو بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی وفاقی حکومت نے پنجاب میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک پیسا بھی نہیں دیا یہاں تک کہ 170 ارب روپے بھی روکے ہوئے ہیں۔

نیا سیٹ اپ منصفانہ انتخابات کرانے پر قائم ہے، چوہدری پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ نئے انتخابات منصفانہ بنیادوں پر ہوں اور جو نیا ’سیٹ اپ‘ آیا ہے وہ اس بات پر قائم ہے کہ منصفانہ اور شفاف انتخابات کرائیں گے اور اس صورت ہمیں راستہ مل جائے گا کیونکہ نیا سیٹ اپ خود کو ماضی سے علیحدہ رکھے گا۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ فوج اور اداروں کے ساتھ ہماری انڈرسٹینڈنگ 1983 سے چلتی آرہی ہے۔

عمران خان کی طرف سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میں نے جب حلف لیا تھا اس وقت بھی یہی کہا تھا اور اب بھی یہی کہتا ہوں کہ عمران خان جب کہیں گے ہم اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اب تمام سیاسی سفر عمران خان کے ساتھ ہوگا کیونکہ ان کے ساتھ اتنا وقت گزارا ہے لیکن ہم نے تو شریف خاندان کو بھی نہیں چھوڑا تھا، 18 سال تک ان کے ساتھ رہے مگر انہوں نے ہر بار دھوکا کیا اسی طرح پرویز مشرف کا ساتھی بھی نہیں چھوڑا، آج بھی ان کی خیریت دریافت کرتے ہیں کیونکہ ہماری سیاست میں کسی کو چھوڑنے کی سوچ شامل نہیں ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ آصف زرداری کی بہت مہربانیاں رہی ہیں اور میں ان کا نائب وزیراعظم بھی رہا ہوں مگر جب ملک و قوم کی بات آجائے تو اپنی ذات کی بات ختم ہوجاتی ہے، تاہم زرداری صاحب کو یہ سمجھنا چاہیے کہ شریفوں کے بارے ہمیشہ سے ان کے کیا خیالات رہے ہیں، یہ مجھے کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ تعلقات پہلے بھی تھے اور اب بھی ہیں مگر سیاست اور سوچ اپنی اپنی ہے بلکہ جب وہ حکومت میں نہیں آئے تھے تو مجھے کچھ کام کرنے کے لیے فون کرتے تھے۔

’عمران خان پنجاب میں جس ناتجربہ کار ٹیم کو لائے اس نے بیڑا غرق کردیا‘

چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان خود تو ایماندار شخص ہیں لیکن اس سے قبل پنجاب میں جس غیر تجربہ کار ٹیم کو لایا گیا اس نے بیڑا غرق کردیا، پچھلے تین چار سال میں پنجاب کا بالکل ستیا ناس ہوا ہے

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 1983 سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا اور اس میں تجربہ ہوا کہ کیسے کام کرنا ہے اور اب میری نظر میں ہر دن مجھے نیا تجربہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات تمام حکومتوں کا مشترکہ مفاد ہے اور سندھ میں اگر صاف اور شفاف بلدیاتی انتخابات ہوئے تو تحریک انصاف کامیاب ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024