• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پہلا ٹیسٹ: چوتھے روز کا کھیل ختم، پاکستان کے 80 پر 2 آؤٹ، جیت کیلئے مزید 263 رنز درکار

شائع December 4, 2022
— فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر
— فوٹو: پی سی بی / ٹوئٹر
جیمز اینڈرسن اور  اولی روبنسن نے ایک، ایک وکٹ لی—فوٹو:اے ایف پی
جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے ایک، ایک وکٹ لی—فوٹو:اے ایف پی
پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر  آؤٹ ہوگئی — فوٹو: اے ایف پی
پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جانے والا راولپنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے 343 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنالیے۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کو کامیابی کے لیے 263 رنز جبکہ انگلینڈ کو 8 وکٹیں درکار ہوں گی۔

اس سے قبل پاکستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 579 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اس طرح سے مہمان ٹیم کو 78 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جب کہ انگلش ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کردی تھی، اور پاکستان کو جیت کے لیے 343 رنز کا ہدف دیا تھا۔

دوسری اننگز میں پہلی اننگز کے سنچری میکر بین ڈکٹ پہلے ہی اوور کی دوسری گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، ان کے بعد انگلش کھلاڑی اولی پوپ بھی صرف 13 رنز کے ساتھ پویلین لوٹ گئے جب کہ زیک کرولی 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

چوتھے روز پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہ ہوسکا اور پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے بلے باز عبداللہ شفیق صرف 6 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے، اس وقت پاکستان کا مجموعی اسکور 20 رنز تھا۔

جبکہ 20 کے اسکور پر ہی اظہر علی ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے، بابر اعظم بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 4 رنز بنا کر بین اسٹوکس کو کیچ دے بیٹھے۔

تاہم اس کے بعد امام الحق اور سعود شکیل نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور کو 80 رنز تک پہنچا دیا، امام 63 اور شکیل 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں، پاکستان کو پانچویں اور آخری دن جیت کے لیے مزید 263 رنز بنانا ہوں گے۔

ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے پہلی اننگز میں دونوں اوپنرز اور کپتان بابر اعظم کی سنچریوں کی بدولت 7 وکٹوں پر 499 رنز بنائے تھے۔

آج چوتھے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز آغا سلمان اور زاہد محمود نے کیا، آغا سلمان 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے علاوہ نسیم شاہ 15 اور حارث رؤف 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور یوں پاکستان کرکٹ ٹیم 579 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 114، امام الحق 121، اظہر علی 27، کپتان بابر اعظم 136، سعود شکیل 37، محمد رضوان 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔

انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ان کے علاوہ جیک لیچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ جیمز اینڈرسن اور اولی روبنسن نے ایک، ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں چار کھلاڑیوں کی سنچریوں کی بدولت رنز کا پہاڑ کھڑا کرتے ہوئے 657 رنز بنائے تھے۔

انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستانی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے جہاں اس سے قبل اس نے 2005 کے دورہ پاکستان کے دوران آخری مرتبہ ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود۔

انگلینڈ: بین اسٹوکس (کپتان)، زیک کرالی، بین فوکس، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، لیام لیونگسٹن، اولی رابنسن، جیک لیچ اور جیمز اینڈرسن۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024