• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

کوئٹہ: کوئلے کی کان میں گیس دھماکا، 5 کان کن جاں بحق

شائع December 4, 2022
کان کا ایک حصہ گرنے کی وجہ سے تمام کان کن وہاں پھنس گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی
کان کا ایک حصہ گرنے کی وجہ سے تمام کان کن وہاں پھنس گئے— فائل فوٹو: اے ایف پی

کوئٹہ کے ضلع ہرنئی میں کوئلے کی مقامی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں 5 کان کن جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک کو تاحال ریسکیو نہ کیا جا سکا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہرنئی ضلع کی شاہ رگ کول فیلڈ میں 6 کان کن کام کر رہے تھے کہ زیر زمین گیس دھماکہ ہوا جس کی وجہ سے کوئلے کی کان کا ایک حصہ گرگیا اور 6 کان کن وہاں پھنس گئے۔

تمام کان کنوں کا تعلق سوات سے ہے جن کی شناخت نصیب گل، سرفراز، نجیب اللہ، رحمٰن اللہ، غنی رحمٰن اور باچا خان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

کچھ روز قبل بھی اورکزئی کوئلے کی کان میں کام کے دوران گیس پر چلنے والی مشین سے دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں 9 کان کن جاں بحق ہوگئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ضلع کی دیگر مقامی کوئلے کی کانوں کے مزدور اور ریسکیو اہلکار فوری طور پر پہنچ گئے اور کان میں پھنسے مزدور اور لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا۔

کانوں اور معدنیات کے محکمے کے چیف انسپکٹر عبدالغنی نے کہا کہ 6 کان کن 15 سو فٹ کی گہرائی میں کام کررہے تھے کہ میتھین گیس کے دھماکے کے نتیجے میں کان کا ایک حصہ تباہ ہوگیا جس کی وجہ سے راستہ بند ہوگیا اور تمام کان کن وہاں پھنس گئے، تاہم ریسکیو اہلکاروں نے 5 کان کنوں کی لاشیں نکال لی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ گزشتہ روز صبح 9 بجے پیش آیا جب مزدور کوئلے کی کان کی کھدائی کر رہے تھے، تاہم ایک کان کن کی لاش ابھی تک پھنسی ہوئی ہے۔

غنی بلوچ نے کہا کہ لاپتہ کان کن کی تلاش کے لیے رسیکیو ٹیمیں تمام تر کاوشیں کر رہی ہیں مگر مائین میں میتھین گیس کی موجودگی کی وجہ سے رسیکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مائین میں پھنس جانے والا کان کن جاں بحق ہو گیا ہوگا۔

متعلقہ حکام نے واقع کی تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024