• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاک۔انگلینڈ پہلا ٹیسٹ شیڈول کے مطابق ہو گا، ٹرافی کی تقریب رونمائی

شائع December 1, 2022
پاکستان اور انگلینڈ کے کپتانوں کا ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر ایک انداز— فوٹو بشکریہ پی سی بی
پاکستان اور انگلینڈ کے کپتانوں کا ٹرافی کی تقریب رونمائی کے موقع پر ایک انداز— فوٹو بشکریہ پی سی بی

انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو میچ کے لیے 11 کھلاڑیوں کی دستیابی سے آگاہ کردیا ہے اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ آج شیڈول کے مطابق شروع ہو گا۔

انگلینڈ کی ٹیم کے کھلاڑی پرسوں نامعلوم وائرس کا شکار ہو گئے تھے اور نصف سے زائد اسکواڈ کے وائرس کا شکار ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے التوا کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔

تاہم دونوں کرکٹ بورڈز نے باہمی مشاورت کے بعد آج ٹیسٹ میچ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹوئٹ میں کہا گیا کہ انگلش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کو مطلع کیا ہے کہ وہ میچ کے لیے 11 کھلاڑی میدان میں اتارنے کی پوزیشن میں ہیں لہٰذا سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج شیڈول کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کا ٹاس صبح 9بجے ہو گا۔

جمعرات کو میچ کے ٹاس کے بعد ٹرافی کی رونمائی کی گئی۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹرافی کی تقریب رونمائی میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ مہمان ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس سمیت متعدد کھلاڑیوں کی بیماری کے پیش نظر گزشتہ روز ٹرافی کی تقریب رونمائی بھی موخر کردی گئی تھی۔

خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے رپورٹ کیا تھا کہ انگلش کپتان بین اسٹوکس سمیت دیگر کھلاڑی اور عملے کے متعدد اراکین بھی پیٹ کے انفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ متعدد کھلاڑیوں کی طبیعت خراب ہے اور انہیں ہوٹل میں رہ کر آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

البتہ انگلش بلے باز جو روٹ نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران کھلاڑیوں کی فوڈ پوائزننگ یا کھانے سے منسلک کسی بیماری کے شکار ہونے کی افواہوں کی تردید کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال وہ فوڈ پوائزننگ یا کوویڈ-19 کا شکار ہوئے ہیں، بس ہمارے کھلاڑی بدقسمتی سے کسی وائرس کا شکار ہوگئے، تاہم انگلش بلے باز نے واضح کیا کہ اس بیماری کا کھلاڑیوں کے کھانے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان ڈینی ریوبن نے بھی واضح کیا تھا کہ 7 کھلاڑیوں سمیت اسکواڈ کے 13 سے 14 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جس کا کورونا یا فوڈ پوائزننگ سے کوئی تعلق نہیں۔

گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا تھا کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی طبیعت کی خرابی کے باعث سیریز کا پہلا میچ مقررہ وقت پر شروع کرنے کے لیے فیصلہ صبح تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

اس صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا تھا کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی طبیعت کی خرابی کے باعث سیریز کا پہلا میچ مقررہ وقت پر شروع کرنے کے لیے فیصلہ صبح تک مؤخر کردیا گیا ہے۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ کی ٹیم اس دورے کے لیے خصوصی طور پر اپنا شیف بھی ساتھ لائی ہے لیکن اس کے باوجود محض چند دن کے اندر ہی انفیکشن کا شکار ہو گئی۔

انگلینڈ کی ٹیم دورہ پاکستان پر عمر میزین نامی اسی باورچی کو ساتھ لائی ہے جو 2018 کے فیفا ورلڈکپ میں انگلینڈ کی مینز فٹبال ٹیم کے شیف تھے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جس کے بعد مہمان ٹیم 9 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے میچ کے لیے ملتان کا رخ کرے گی جبکہ سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی 17 دسمبر سے کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم کرے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024