• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میزبان قطر باہر، سینیگال، نیدرلینڈز کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

شائع November 30, 2022
نیدرلینڈز اور سینیگال نے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی—فوٹو: فیفا ٹوئٹر
نیدرلینڈز اور سینیگال نے کوارٹرفائنل میں جگہ بنالی—فوٹو: فیفا ٹوئٹر

فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبان ٹیم قطر اہم میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی اور دوسرے میچ میں سینیگال نے ایکواڈور کو ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

قطر میں جاری ورلڈ کپ گروپ اے کے دو میچ ہوئے جہاں کوارٹرفائنل کے لیے ٹیموں کا فیصلہ ہوا اور میزبان ٹیم بغیر کسی جیت کے باہر ہوگئی۔

میزبان قطر کو ایونٹ میں جگہ برقرار رکھنے کے لیے مضبوط نیدرلینڈز سے مقابلہ تھا اور البیت اسٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ ان کے خلاف گیا۔

قطر کے کھلاڑی ایک گول کرنے میں بھی ناکام رہے اور نیدرلینڈز کی ٹیم میچ میں مکمل طور پر چھائی رہی اور دو گول کرکے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔

نیدرلینڈز کے کوڈی گیکپو نے 26 ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جس کے بعد میزبان ٹیم نے بھی مقابلہ برابر کرنے کی کوشش ضرور کی لیکن مؤثر ثابت نہیں ہوئی اور گول کیپر باآسانی ناکام بنا دی۔

میچ کا دوسرا گول 49 ویں منٹ ہوا جب فرینکی ڈی جونگ نے قطر کے گول کیپر کے ہاتھ گیند گرنے پر موقعے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا۔

نیدرلینڈز کے دو گول فیصلہ کن ثابت ہوئے اور مقررہ وقت تک مزید کوئی گول نہیں ہوسکا اور یوں نیدرلینڈز نے قطر کو 0-2 سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ ہی نیدرلینڈز نے گروپ میں 7 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی اور کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ قطر کی ٹیم بغیر کسی پوائنٹ کے آخری نمبر پر رہی۔

گروپ اے کا دوسرا میچ خلیفہ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سینیگال اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا گیا اور گروپ سے کوارٹرفائنل کے لیے دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوا۔

سینیگال کے کھلاڑیوں نے ایک دفعہ پھر زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا اور پیش گوئیوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں دوسری کامیابی سمیٹی۔

ایکواڈور کی جانب سے میچ میں برتری حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں لیکن میچ کے اختتام تک وہ ایک گول سے آگے نہیں بڑھ سکے۔

سینیگال کے اسمٰعیل سار نے 44 ویں منٹ میں پنالٹی پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم ایکواڈور کے کھلاڑیوں کا حوصلہ پست نہیں ہوا اور گول کرنے کے لیے سینیگال پر بڑے حملے کیے۔

دوسرے ہاف میں 67 ویں منٹ پر ایکواڈور کی ٹیم اپنی کوششوں میں کامیاب ہوئی اور موئسیس کیسیڈو نے کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔

سینیگال کے کالیدو کوئیلیبالے نے 70 ویں منٹ میں خوب صورت گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ اس سے قبل بھی ٹیم کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن وہ کامیاب نہیں ہوئے تھے۔

سینیگال نے مقررہ وقت تک اپنی برتری قائم رکھی اور ایکواڈور کو 1-2 سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے بھی باہر کردیا اور کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

اس سے قبل دفاعی چمپیئن فرانس، برازیل اور پرتگال کی ٹیمیں کوارٹرفائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024