• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

بلوچستان: ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 10 دہشت گرد ہلاک

شائع November 29, 2022 اپ ڈیٹ November 30, 2022
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا—فائل فوٹو: اے پی پی
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا—فائل فوٹو: اے پی پی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاع پرکارروائی کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خفیہ اطلاع پر دہشت گردوں کے ٹھکانے کلیئر کرنے کے لیے آپریشن کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کے واقعات اور گوادر۔ہوشاب (ایم-8) پر دھماکا خیز مواد نصب کرنے میں ملوث تھے۔

بیان میں بتایا گیا کہ 12 سے 14 دہشت گردوں کے ٹھکانے کی شناخت ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز پوزیشنز سنبھالنے کے عمل میں تھی کہ دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد مارے گئے اور ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں آپریشن جاری ہے جبکہ بھاری تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود بشمول آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

مزید بتایا گیا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

خیال رہے کہ 26 نومبر کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کوہلو میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کرکے 9 دہشت گردوں کو ہلاک اور دیگر 3 کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں کوہلو کے علاقے سیاہ کوہ میں بی ایل اے (ایچ) کے دہشت گردوں کے خلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024