• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کا میچ فیس سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا اعلان

شائع November 28, 2022
بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچ کھیلے گی—فوٹو: رائٹرز
بین اسٹوکس کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم 3 ٹیسٹ میچ کھیلے گی—فوٹو: رائٹرز

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان میں بدترین سیلاب سے بڑا نقصان ہوا اور ان کی پوری سیریز کی میچ فیس متاثرین کو جائے گی۔

انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم بین اسٹوکس کی قیادت میں 3 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان پہنچ چکی ہے اور یہ انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کا 17 سال بعد پاکستان کا دورہ ہے اور کپتان اسٹوکس پہلی مرتبہ پاکستان آئے ہوئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں بین اسٹوکس نے کہا کہ ’میں اس ٹیسٹ سیریز سے حاصل ہونے والی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کو عطیہ کر رہا ہوں‘۔

بین اسٹوکس نے اپنے بیان میں کہا کہ ’اس تاریخی سیریز کے لیے پہلی مرتبہ پاکستان آنا شان دار ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ٹیسٹ ٹیم کی حیثیت سے 17 سال بعد یہاں آنا بڑا پرجوش لمحہ ہے، کھلاڑیوں میں ایک احساس ذمہ داری بھی ہے اور سپورٹ گروپ ہے اور یہاں ہونا خاص ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’رواں برس سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچادی اور یہ بہت افسوس ناک ہے، اس سے ملک اور عوام پر گہرا اثر پڑا ہے‘۔

بین اسٹوکس نے کہا کہ ’کرکٹ نے زندگی میں مجھے بہت کچھ دیا ہے اور سمجھتا ہوں کہ کرکٹ سے باہر کچھ بدلے میں دینا ہی درست ہے‘۔

سیلاب متاثرین کی مدد کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں اس ٹیسٹ سیریز سے حاصل ہونے والی میچ فیس پاکستان کے سیلاب متاثرین کو عطیہ کروں گا‘۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ’امید ہے کہ یہ عطیہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ ہونے والے پاکستانی علاقے میں بحالی میں جاسکے گا‘۔

وزیر اعظم کا خیر مقدم

وزیراعظم شہباز شریف نے انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کی جانب سے اپنی پوری ٹیسٹ سیریز کی فیس پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے عطیہ کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے اسے انسان دوستی کی عظیم برطانوی روایات کا مظہر قرار دیا ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ مصیبت زدہ انسانیت کے لیے ہمدردی تمام خوبیوں میں سب سے بڑی خوبی ہے۔

خیال رہے کہ رواں برس اگست اور ستمبر میں سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں مون سون کی بارشوں کے نتیجے میں بدترین سیلاب سے 1700 سے زائد افراد جاں بحق اور کئی بے گھر ہوگئے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں عالمی رہنماؤں سے خطاب میں کہا تھا کہ سیلاب سے 10 لاکھ سے زیادہ گھر تباہ، 40 لاکھ ایکڑ اراضی پر کھڑی فصلیں برباد ہوئیں، تقریباً 9 لاکھ مویشی بہہ گئے اور ہزاروں کلومیٹر سڑکیں تباہ ہوگئیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایک اندازے کے مطابق سیلاب سے قومی معیشت کو کم از کم 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی پر عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 برس بعد پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئی ہے، اس سے قبل ستمبر اور اکتوبر میں ٹی20 سیریز کے لیے انگلینڈ کی ٹیم پاکستان آئی تھی تاہم ٹی20 ورلڈ کپ کے باعث دورہ مکمل نہ ہوسکا تھا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور آخری ٹیسٹ ملتان میں کھیلا گیا تھا جہاں انگلینڈ کو 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

پی سی بی کے شیڈول کے مطابق رواں سیریز کا پہلا ٹیسٹ یکم دسمبر کو راولپنڈی بقیہ دونوں میچ بالترتیب 9 اور 17 دسمبر کو ملتان اور کراچی میں شروع ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024