• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اعظم سواتی نے اپنے مفاد کیلئے خود ویڈیو بنائی، فیصل واڈا

شائع November 28, 2022
فیصل واڈا نے کہا کہ میں نے عمران خان کی لائن عبور نہیں کی — فائل فوٹو: اے پی پی
فیصل واڈا نے کہا کہ میں نے عمران خان کی لائن عبور نہیں کی — فائل فوٹو: اے پی پی

سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی نے اپنے مفادات کے لیے ویڈیو خود بنائی مگر عمران خان سادہ انسان ہیں جو سب پر اعتماد کر لیتے ہیں۔

نجی چینل ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جرگہ‘ میں سینیٹر اعظم سواتی سے متعلق بات کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ’یہ کہنا کہ جوڈیشل کمپلیکس کے گیسٹ ہاؤس میں تھا اور پھر سپریم کورٹ کا اس بات کو مسترد کرنا، پھر یہ کہنا کہ دوسرے گیسٹ ہاؤس میں تھا اور وہاں سے بھی جواب آنا اور اس کے بعد کہنا کہ ’اصل ویڈیو‘ بیوی بچوں کے پاس ہے پھر ان کو امریکا بھیج دینا اور اس کے بعد گالم گلوچ کرنا پھر جب کچھ کام نہ آیا تو مارچ کرنا، یہ سب کچھ کیوں ہوا۔‘

’عمران خان اپنی ٹیم پر اندھا اعتماد کرتے ہیں جس نے انہیں بند گلی میں پہنچایا‘

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ٹیم پر اندھا اعتماد کرتے ہیں جنہوں نے انہیں بند گلی میں پہنچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں کچھ اچھے لوگ بھی ہیں جو بہت قابل ہیں مگر ان کو کبھی آگے آنے کا موقع نہیں دیا گیا کیونکہ پارٹی کو شکنجہ بنایا ہوا ہے اور ایک لابی کے تحت کام ہوتا ہے۔

فیصل واڈا نے کہا کہ میں نے عمران خان کی لائن عبور نہیں کی بلکہ انہوں نے جو سیاست، سبق اور لائن سکھائی میں اسی پر رہا اور ہمیشہ ان کے لیے دل سے کام کیا اور ابھی بھی جو کام کیا اس کی بدولت مجھے پارٹی سے تحفے کے طور پر نکال دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میری پریس کانفرنس، عمران خان اور ان کی سیاست بچانے کے لیے تھی اور میں نے جو کہا وہ ہو بھی گیا۔

’عمران اسمٰعیل کو جسمانی طاقت کی چار گولیاں لگی ہوں گی‘

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو بند گلی میں لانے والوں کے بارے میں ان کو ذاتی طور پر بتانے کے ساتھ ساتھ جلسوں اور پارٹی اجلاسوں میں بھی بتایا ہے جبکہ ان لوگوں کو منہ پر بھی کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران اسمٰعیل کو جسمانی طاقت کی چار گولیاں لگی ہوں گی کیونکہ عمران خان کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہر کسی پر اندھا اعتماد کرلیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اگر حساب کیا جائے تو جسمانی طاقت کی گولیاں ملائیں تو 4 گولیاں عمران اسمٰعیل کو لگیں، 6 گولیاں سیکیورٹی گارڈ کو، 4 گولیاں عمران خان کو اور مزید 12 افراد کو گولیاں لگیں جو کہ کُل 26 گولیاں ہوگئیں تو اب 9 سے 26 گولیوں تک فاصلے کا جواب جے آئی ٹی ہی دے سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسے میں شریک معظم نامی شخص کلاشنکوف سے لیس سیکیورٹی گارڈ کی گولی سے جاں بحق ہوا اور اس بارے میں بھی عمران خان کو بتایا گیا کہ حملے میں جاں بحق ہوا جس پر انہوں نے اعتماد کرلیا۔

’ہر بار سانپوں کے نام لیے جاتے ہیں لیکن خاص بچ جاتے ہیں‘

فیصل واڈا نے کہا کہ ہر بار سانپوں کے نام تو لے لیے جاتے ہیں لیکن وہ خاص بچ جاتے ہیں مگر ’سانپوں‘ کے پیچھے ’خاص‘ تھے اور میں اب انتظار کر رہا ہوں کہ سانپوں کے ساتھ خاص کا نام لوں۔

انہوں نے کہا کہ ’خاص‘ کا اپنا مفاد تھا اور وہ سیاستدان بھی نہیں طاقتور لوگ ہیں جو پاکستان میں ہی موجود ہیں اور ’طاقت‘ کے پیشے سے وابسطہ ہیں اور اس میں سانپوں کا بھی کردار تھا جن میں سے کچھ نے دعویٰ کیا کہ ہمیں وزیر اعظم کہا گیا جو کہ بالکل جھوٹ ہے کیونکہ فوج نے عمران خان کے سوا کسی کو وزیر اعظم نہیں کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کیا گیا جو کہ عمران خان نے نہیں کہا مگر انہوں نے اپنے لوگوں پر اعتماد کیا جو انہیں بند گلی میں لے آئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کے باہر دشمن ہیں مگر ان سے زیادہ دشمن ’اندر‘ ہیں جو ان کو یہاں تک لائے ہیں۔

سینیٹر اعظم سواتی پر بات کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ پھر کھلواڑ ہو رہا ہے، اگر ان کی ویڈیو مثلا سچی بھی ہو تو کسی بھی غیرت مند انسان کا پہلا جواب ہوگا کہ ویڈیو غلط ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے مفادات کے لیے قوم کو جذباتی کرنا اور فوج کو متنازع بناکر عوام کو فوج سے لڑانا اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بننا سیاست ہے تو ایسی سیاست پر میں تھوکتا ہوں۔

’عمران خان کو ان کیڑوں، سانپوں اور سازشیوں سے بچاتا رہوں گا‘

فیصل واڈا نے دعویٰ کیا کہ اعظم سواتی نے ویڈیو خود بنائی تھی مگر عمران خان سادہ انسان ہیں جو سب پر اعتماد کر لیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سازشی لوگ ہیں جن کے ساتھ دو خاص سازشی لوگ اور تین سانپ ملے ہوئے ہیں مگر عمران خان کا سازشی ذہن نہیں ہے، اگر سینیٹر اعظم سواتی کے کیس میں سب ٹھیک تھا تو انہوں نے فوجی افسران کو گالیاں کیوں دی، لہٰذا مفاد کے لیے 20 یا 80 سال کا ہونا ضروری نہیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ میں آخری وقت تک عمران خان کو ان کیڑوں، سانپوں اور سازشیوں سے بچاتا رہوں گا۔

ارشد شریف پر بات کرتے ہوئے فیصل واڈا نے کہا کہ ان کو یہاں سے نکالنے، بہکانے میں تحریک انصاف کے کچھ لوگ ملوث ہیں، صرف گولی چلانے میں ملوث نہیں مگر یہ واضح ہے کہ ارشد شریف کے ساتھ موجود خرم اور وقار نامی دونوں شخص قتل میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت یا آئی ایس آئی کے موجودہ افسران میں سے کوئی بھی قتل میں ملوث نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

iqbal Nov 28, 2022 04:29pm
Faisal Wada, washing machine!

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024