• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وادی نیلم میں وین کھائی میں جاگری، 6 خواتین جاں بحق

شائع November 27, 2022
گاڑی میں سوار تمام خواتین ووٹ ڈالنے کے بعد واپس گھر جارہی تھیں — فوٹو: طارق نقاش
گاڑی میں سوار تمام خواتین ووٹ ڈالنے کے بعد واپس گھر جارہی تھیں — فوٹو: طارق نقاش

آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں چھڑی کے مقام پر وین کھائی میں گر گئی جس کے نتیجے میں 6 خواتین جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔

نیلم ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر اختر ایوب کے مطابق واقعہ دن 12 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا جب گاڑی میں سوار تمام خواتین ووٹ ڈالنے کے بعد واپس گھر جارہی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ مسافر دریائے نیلم کے کنارے واقع ٹھنڈا پانی گاؤں کے رہائشی تھے اور بیسن والی کے قریبی پولنگ اسٹیشن پر آئے تھے۔

اختر ایوب نے مزید بتایا کہ گاڑی میں گنجائش سے زیادہ لوگ سوار تھے، زخمیوں کو دودھنیال کے ابتدائی طبی مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ مظفر آباد کے تین اضلاع میں 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات آج ہو رہے ہیں جس کے لیے پولنگ جاری ہے۔

اختر ایوب نے بتایا کہ دودھنیال بیسانوالی سے چھڑی جانے والی گاڑی گہری کھائی میں جا گری، ریسکیو عملے کی جانب سے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق حادثے میں 6 خواتین جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 8 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں میں وین کا ڈرائیور بھی شامل ہے۔

پولیس حکام نے بتایا جاں بحق خواتین کی شناخت 50 سالہ شمیم بی بی زوجہ حسین، 80 سالہ زیور جان زوجہ بشیر ملک، 90 سالہ صاحبزادی بیوہ امین ملک، 95 سالہ الطاف جان زوجہ عمران ملک، 70 سالہ بی بی گڈی زوجہ اصغر ملک اور 50 سالہ رانی بی بی زوجہ حسین ساکنہ بیساں والی دودھنیال شامل ہیں۔

اختر ایوب کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد بیساں والی دودھنیال پولنگ اسٹیشن نمبر 7 اور 8 میں پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثے میں ہونے والے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے بی ایچ یو دودھنیال منتقل کردیا گیا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو متاثرین کی تدفین اور زخمی افراد کے علاج کے لیے مدد اور تعاون کی ہدایات جاری کی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024