فٹ بال ورلڈ کپ: فرانس، آسٹریلیا، پولینڈ کی جیت
فٹ بال ورلڈ کپ میں آسٹریلیا، فرانس اور پولینڈ نے اپنے گروپ میچوں میں کامیابی حاصل کی جبکہ ارجنٹینا جیسی ٹیم کو شکست دینے سعودی عرب دوسرا میچ کامیاب نہ ہوسکی۔
قطر کے الجنوب اسٹیڈیم میں گروپ ڈی کا میچ تیونیشیا اور آسٹریلیا کے درمیان ہوا جہاں دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔
آسٹریلیا نے 23 ویں منٹ میں مچل ڈیوک کے گول کی بدولت برتری حاصل کی جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہی جبکہ تیونیشیا کی ٹیم نے گول کرنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔
گروپ میں اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنے والی آسٹریلیا کی ٹیم نے پوائنٹس حاصل کرلیے اور ٹیبل میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
تیونیشیا اب تک دو میچوں میں سے ایک میں شکست ہوئی جبکہ دوسرا میچ بغیر نتیجے کے ختم ہوا تھا اور ایک پوائنٹ ملا تھا تاہم ٹیبل میں آخری نمبر پر موجود ہے۔
دوسرا میچ پولینڈ اور سعودی عرب کے درمیان ایجوکیشن سٹی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں پولینڈ نے کامیابی سمیٹی۔
پولینڈ کی ٹیم پورے میچ میں اپنی برتری ثابت کی جبکہ سعودی عرب کی ٹیم کو بھی گول کرنے کے مواقع ضرور ملے لیکن اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکی۔
میچ کے 39 ویں منٹ میں پیوٹر زلینسکی نے پہلا گول کیا، جس کے بعد روبرٹ لیوانڈوسکی نے 82 ویں منٹ میں ٹیم کے لیے دوسرا گول کیا۔
پولینڈ نے دو گول کی برتری برقرار رکھی اور سعودی عرب کو 0-2 سے شکست دے دی۔
پوائنٹس کے اعتبار سے پولینڈ 2 میچوں میں 4 پوائنٹس حاصل کر رکھے ہیں جبکہ سعودی عرب کے 3 پوائنٹس ہیں۔
تیسرا میچ فرانس اور ڈنمارک کے درمیان ہوا جہاں ایک اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملا لیکن ایمباپے نے دو گول کرکے مخالف ٹیم کے ارادے خاک میں ملادیے۔
اسٹیڈیم 974 (راس ابو عبود) میں کھیلے گئے میچ کے 61 ویں منٹ میں فرانس کے کائیلیان ایمباپے نے خوب صورت گول کیا۔
ڈنمارک کے اینڈریاس کرسٹینسین نے 68 ویں میں جواب وار کیا اور مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔
دوسرے ہاف میں ہی مقررہ وقت سے قبل ایمباپے نے ایک اور گول کیا، 86 ویں منٹ میں کیا گیا یہ گول نتیجہ خیز ثابت ہوا اور فرانس نے مقابلہ 1-2 سے اپنے نام کرلیا۔
فرانس نے گزشتہ میچ میں بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی اور دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
گروپ ڈی میں فرانس 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، آسٹریلیا 3 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، ڈنمارک اور تیونیشیا ایک،ایک پوائنٹ کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔