• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

کراچی: لیجنڈ کامیڈین اسمٰعیل تارا انتقال کرگئے

شائع November 25, 2022
وہ 1979 سے 1984 تک جاری رہنے والے کامیڈی شو ففٹی ففٹی کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
وہ 1979 سے 1984 تک جاری رہنے والے کامیڈی شو ففٹی ففٹی کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

لیجنڈ کامیڈین اسمٰعیل تارا کراچی میں گردے فیل ہونے کے باعث 73 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان کے صاحبزادے شیراز تارا نے بتایا کہ انہیں 3 روز قبل ایک پرائیویٹ ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں گردے فیل ہونے کی وجہ سے ان کی موت ہوگئی۔

اہل خانہ کے مطابق ان کی نماز جنازہ بعد نماز جمعہ شہید ملت روڈ پر واقع پہاڑی مسجد میں ادا کی جائے گی، اسمٰعیل تارا کے پسماندگان میں اہلیہ، ایک بیٹی اور چار بیٹے شامل ہیں۔

نومبر 1949 کو کراچی میں پید ا ہونے والے نامور فنکار اسمٰعیل تارا کا اسٹیج، ٹیلی ویژن اور سنیما میں شاندار کیریئر رہا۔

انہوں نے اسٹیج ڈراموں سے کام کا آغاز 1964 میں اس وقت کیا جب وہ نوعمر تھے، ان کے ساتھ مختلف مواقع پر کام کرنے والے ساتھی فنکاروں کے مطابق ان کی نقالی کی مہارت نے فوری طور پر انہیں نمایاں مقام عطا کیا اور ان کی ایک شناخت بن گئی جس کی وجہ سے کچھ عرصے بعد ہی انہیں پاکستان ٹیلی ویژن پر کام کرنے کا موقع مل گیا۔

وہ 1979 سے 1984 تک جاری رہنے والے کامیڈی شو ففٹی ففٹی کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچے، امریکی کامیڈی شو سیٹرڈے نائٹ لائیو سے متاثر یہ پروگرام سپر ہٹ ہوا اور آج تک اسے پی ٹی وی کی تاریخ کے بہترین کامیڈی شوز میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

اسمٰعیل تارا اور ساتھی فنکار ماجد جہانگیر ففٹی ففٹی کے ذریعے ملک کی مقبول ترین کامیڈی جوڑی بن گئے، یہ شو اپنے دور کے لحاظ سے کافی جرات مندانہ تھا کیونکہ اس میں سماجی برائیوں اور دہرے معیارات پر واضح انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے تنقید کی جاتی تھی۔

انہوں نے 1981 میں شو کے اصل لکھاری انور مقصود کے ہدایت کار سے اختلافات کے بعد اس مقبول ٹی وی شو کے لیے کچھ اسکرپٹ بھی لکھے، چھوٹی اسکرین پر اپنا لوہا منوانے کے بعد انہوں نے بڑی اسکرین پر قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا اور جلد ہی وہاں بھی خود کو منوانے اور نام بنانے میں کامیاب رہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب سمیت ملک کی سیاسی سماجی شخصیات نے اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار اسمٰعیل تارا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں لکھا کہ اسمٰعیل تارا نے مشہور ڈراموں ففٹی ففٹی، ربر بینڈ، ون وے وکٹ سمیت متعدد اسٹیج ڈراموں، ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری نسل اسمٰعیل تارا کو دیکھتے بڑی ہوئی، ففٹی ففٹی جیسا بڑا ڈراما ان کی کریڈٹ پر ہے، ،اسمٰعیل تارا کی وفات ایک عہد کا خاتمہ ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

rizwan ali soomro khadim ali soomro Nov 25, 2022 08:55am
Aik or legend

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024