• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

جی ایچ کیو نے آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے سمری بھیج دی ہے، آئی ایس پی آر

شائع November 22, 2022 اپ ڈیٹ November 23, 2022
آئی ایس پی آرنے کہا کہ 6 سینئر ترین جنرلز کے نام بھیج دیے گئے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک
آئی ایس پی آرنے کہا کہ 6 سینئر ترین جنرلز کے نام بھیج دیے گئے ہیں—فائل فوٹو: فیس بک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کے لیے 6 سینئر ترین جنرلز کے ناموں پر مشتمل سمری بھیج دی گئی ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ’جی ایچ کیو نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) اور چیف آف آرمی اسٹاف (سی او اے ایس) کے انتخاب کے لیے سمری بھیج دی ہے‘۔

بیان میں کہا گیا کہ ’6 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرلز کے ناموں پر مشتمل سمری وزارت دفاع کو بھیج دی گئی ہے‘۔

اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں سینئر صحافی انصار عباسی نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے سمری موصول ہوگئی ہے اور تمام سینئر جنرلز کے نام شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سمری میں اس وقت پاک فوج کے سینئرترین 6 جنرلز کے نام دیے گئے ہیں اور وزیراعظم ان میں سے انتخاب کریں گے۔

پاک فوج میں اس وقت 6 سینئر ترین جنرلز میں لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا، لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس، لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر شامل ہیں۔

بعد ازاں وزیردفاع خواجہ آصف نے ٹوئٹر پر تردید کرتے ہوئے کہا کہ سمری موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ’وزیراعظم کو ابھی سمری موصول نہیں ہوئی، ان شااللہ سمری کی وزیراعظم آفس میں وصولی کی تصدیق وقت پر کی جاۓ گی‘۔

24 گھنٹوں میں پیش رفت ہوگی، خواجہ آصف

قبل ازیں وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں پیش رفت ہوگی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزدہ کے ساتھ‘ میں میزبان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے 24 گھنٹوں میں پیش رفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹوں میں آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سمری اور دیگر اقدامات میں 60 سے 70 فیصد کام مکمل ہوجائے گا۔

خواجہ آصف نے تفصیلات سے آگاہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ 48 گھنٹے کا وقت اس لیے دے رہا تھا کیونکہ میں سیاست دان ہوں اور میں گنجائش رکھ کرذمہ داری کے ساتھ بات کروں گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم کا خط وزارت دفاع کو موصول ہوا اور جی ایچ کیو کو بھیج دیا گیا، اب ایک دو روز یا تین روز میں تعیناتی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ ایک ہیجان ہے، آج جس تقرری کا عمل شروع ہوا ہے، اس پر ہیجان برپا کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے اقتدار کے لیے یا اقتدار کی جدائی اور غم میں پاگل ہوئے ہیں، ان حربوں سے ملک اور قوم کی وحدت کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اداروں کی عزت اور احترام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ انہی اداروں نے ان کے ساتھ 4 سال غیرمشروط تعاون کیا، اس کے باوجود وہ کچھ نہیں کرسکے اور ملک میں غربت، بے روزگاری اور مہنگائی چھوڑ کر گئے ہیں تو انہیں شرمندہ ہونا چاہیے۔

وزیردفاع نے کہا کہ امید ہے اگلے دو تین روز میں ہم یہ عمل مکمل کرلیں گے اور پورا یقین ہے کہ جس طرح پیش گوئی اور نام لیے جارہے ہیں اور امید کی جارہی ہے وزیراعظم اتحادی حکومت کا ہے اور صدر پی ٹی آئی کا ہے تو سمری پر وہ بیٹھ جائیں گے تو ملک کا سوچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے افواج کے سربراہ کی تعیناتی ہے، 6 سے 7 لاکھ فورسز کے چیف کی تعیناتی ہے اور وہ برملا اعلان کر رہے ہیں کہ ہم نے خود کو نیوٹرل کیا ہے تو ہم سیاست دان موقع دیں کہ وہ اپنا یہ وعدہ پورا کریں اور وہ اپنا فرض پورا کریں۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024