فٹ بال ورلڈ کپ: دنیا قطر کی بہترین تاریخ، ثقافت اور میزبانی سے لطف اندوز ہوگی، وزیراعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے فٹ بال ورلڈ کپ 2022 کی میزبانی پر قطر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا عالمی کپ کے میزبان ملک کی بہترین تاریخ، ثقافت اور میزبانی سے لطف اندوز ہوگی۔
فٹبال کا سب سے بڑا عالمی میلہ فیفا ورلڈ کپ 2022 کا آغاز آج قطر میں رنگا رنگ تقریب سے ہو رہا ہے، پہلا میچ میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 18 دسمبر کو ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے پاکستان اور عوام کی جانب سے فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی پر امیر قطر کو مبارکباد پیش کی اور لکھا کہ قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فٹ بال ورلڈ کپ کے موقع پر دنیا قطر کی بہترین تاریخ، ثقافت اور میزبانی سے استفادہ کرے گی۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بھی امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی اور دیگر قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قطر، اسلامی دنیا کا واحد ملک ہے جس میں پہلی بار فٹبال کا عالمی کپ ہورہا ہے، قطر میں عالمی فٹبال میلے کا انعقاد تمام اسلامی ممالک کے لیے اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قطر کی قابل ذکر ترقی کی تقلید دوسرے اسلامی ممالک کر سکتے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ فیفا ورلڈ کپ کی سیکیورٹی کی ذمے داری پاکستان کو سونپی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں پاکستانی ساختہ فٹبال کا استعمال ہمارے لیے خوشی کا باعث ہے، پاکستانی عوام اور پارلیمنٹ کی جانب سے میں امیر قطر کو ان کی بہترین قیادت اور عالمی سطح پر امت مسلمہ کا مثبت تاثر اور تشخص پیش کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
چیئرمین سینیٹ نے ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ شائقین کو ورلڈ کپ میں بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے اور پوری دنیا اس سے لطف اندوز ہوگی۔
ادھر سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی قطر میں فٹبال ورلڈ کپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ آج سے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے قطر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں عمران خان نے لکھا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ دنیا کے اس سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے کی میزبانی ایک مسلم ملک کر رہا ہے۔
انہوں نے میگا ایونٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لیے نیک تمناؤں اور خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
12 برس قبل ورلڈ کپ کی میزبانی کا حق ملنے کے بعد سے قطر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق قطر نے عالمی کپ کے لیے 229 ارب ڈالر سے زائد کے اخراجات کیے ہیں جو فٹبال عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ اخراجات ہیں۔
ٹورنامنٹ کے میچ قطر کے 8 شہروں میں کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ میں دنیا بھر سے بہترین 32 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جنہیں 8 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
عالمی کپ میں مجموعی طور پر 48 گروپ میچ ہوں گے جو آئندہ ماہ کی 2 تاریخ تک جاری رہیں گے، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں 16 بہترین ٹیموں پر مشتمل دوسرے مرحلے میں پہنچیں گی۔
یہ ناک آؤٹ مرحلہ آئندہ ماہ کی 3 تاریخ سے شروع ہوگا، اس کے بعد کوارٹر فائنل سے فائنل تک کا سفر شروع ہوگا، عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل آئندہ ماہ کی 18 تاریخ کو کھیلا جائے گا، ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر 64 میچ کھیلے جائیں گے۔