• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

دہشت گردی کی مالی معاونت کیلئے کرپٹو کرنسی کا استعمال کیا جا رہا ہے، نریندر مودی

شائع November 19, 2022
انہوں نے کہا کہ یکساں انتظام سے چیک اینڈ بیلنس اور ریگولیشن کا ایک متفقہ نظام قائم ہو سکتا ہے—فائل فوٹو : رائٹرز
انہوں نے کہا کہ یکساں انتظام سے چیک اینڈ بیلنس اور ریگولیشن کا ایک متفقہ نظام قائم ہو سکتا ہے—فائل فوٹو : رائٹرز

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کی کارروائیوں کی فنڈنگ روکنے کے لیے ڈیجیٹل کرنسیوں کو مزید قواعد و ضوابط کا پابند بنانے کی ضرورت ہے۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نے یہ بات انتہا پسند گروہوں کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے بھارت میں منعقدہ ایک عالمی کانفرنس میں کہی۔

عالمی سطح پر ڈیجیٹل لین دین کے لیے استعمال ہونے والے 32 ارب ڈالر مالیت کے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارم ’ایف ٹی ایکس‘ کے رواں ماہ دیوالیہ ہونے سےکرپٹو مارکیٹ میں کھلبلی مچ چکی ہے۔

بھارت کی جانب سے کرپٹو کرنسی کے لین دین پر لگام ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے جس نے گزشتہ کئی برسوں میں غیر معمولی ترقی کی ہے، اسے مقامی تجارتی پلیٹ فارمز کی حمایت اور مشہور شخصیات کی توثیق بھی حاصل ہے۔

مودی نے گزشتہ برس کہا تھا کہ بٹ کوائن نوجوان نسل کے لیے خطرہ ہے اور اگر یہ غلط ہاتھوں میں چلا گیا تو یہ ہمارے نوجوانوں کو خراب کر سکتا ہے۔

گزشتہ روز انہوں نے دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق کانفرنس میں اس خیال کا اظہار کیا کہ نجی کرنسیوں سے سیکورٹی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

فنانس ٹیکنالوجیز کے لیے یکساں انتظام کی ضرورت کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی بھرتی اور فنڈنگ کے لیے نئی قسم کی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، ڈارک نیٹ، پرائیویٹ کرنسی اور بہت سے چیلنجز ابھر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’یکساں انتظام سے چیک اینڈ بیلنس اور ریگولیشن کا ایک متفقہ نظام قائم ہو سکتا ہے۔

خیال رہے کہ درجنوں ممالک کے مندوبین 2 روزہ کانفرنس کے لیے بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں موجود ہیں جوکہ گزشتہ ماہ بھارت میں اقوام متحدہ کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بعد منعقد ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً ایک دہائی قبل مقامی مارکیٹ میں پہلی بار متعارف ہونے کے بعد سے کرپٹو کرنسیز بھارتی ریگولیٹرز کے زیرمعائنہ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024