• KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am
  • KHI: Fajr 5:32am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • ISB: Fajr 5:17am Sunrise 6:44am

بلوچستان: ہوشاب میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک

شائع November 19, 2022
—فائل/فوٹو: اے ایف پی
—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاک فوج نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہوشاب میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ خفیہ اطلاعات پر بلور کے علاقے میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، جو سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر فائرنگ کرنے اور موٹروے ایم-8 پر دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق علاقے کی مسلسل انٹیلی جنس اور نگرانی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کی نشان دہی کی گئی، سیکیورٹی فورسز ہیلی کاپٹر کے ذریعے داخل ہوئیں، پوزیشنز سنبھالنے کے دوران 2 دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ 31 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے شاہرگ کے قریب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی تھی، جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 نومبر 2024
کارٹون : 18 نومبر 2024