• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

کے-الیکٹرک کی بجلی 9 روپے71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواستیں

شائع November 18, 2022
نیپرا، کے الیکڑک کی درخواستوں پر 30 نومبر کو سماعت کرے گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
نیپرا، کے الیکڑک کی درخواستوں پر 30 نومبر کو سماعت کرے گا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

کے-الیکٹرک نے ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی 9 روپے71 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی 2 الگ الگ درخواستیں دائر کردیں۔

کے-الیکٹرک کی جانب سے جولائی تاستمبر کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 7 روپے 83 پیسے کم کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے جب کہ اکتوبر کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ میں ایک روپے 88 پیسے کمی کی درخواست کی گئی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا)، کے الیکڑک کی درخواستوں پر 30 نومبر کو سماعت کرے گا۔

قیمتوں میں کمی سے صارفین کو ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3 ارب 15 کروڑ70 لاکھ روپے کا ریلیف ملے گا۔

کراچی کے علاوہ ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے قیمت میں اضافے کی درخواست

دوسری جانب کراچی کے علاوہ باقی ملک کے بجلی صارفین کے لیے بری خبر ہے کہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا سے بجلی 24 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی ہے۔

نیپرا میں دائر کی گئی درخواست میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے اضافہ اکتوبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا ہے۔

سی پی پی اے کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں 10 ارب 37 کروڑ 72 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، بجلی کی پیداواری لاگت 9 روپے 14 پیسے فی یونٹ رہی، اکتوبر میں پانی سے 29.37 اور کوئلے سے 15.47 فیصد بجلی پیدا کی گئی، مقامی گیس سے 12.12 اور ایل این جی سے 17.22 فیصد بجلی پیدا کی گئی، اکتوبر میں جوہری ایندھن سے 20.61 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر نیپرا کی جانب سے سماعت 29 نومبر کو ہوگی۔

واضح رہے کہ ستمبر میں بھی نیپرا نے کے-الیکڑک کی اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 87 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 22 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کے دوران کراچی کے سوا باقی ملک کے لیے اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 20 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024