• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

دفاعی نمائش آئیڈیاز کی تقریب: کراچی سی ویو روڈ شام 6 بجے تک بند

شائع November 17, 2022 اپ ڈیٹ November 18, 2022
دفاعی نمائش آئیڈیاز کی تقریب آج نشانِ پاکستان پارک سی ویو میں ہو رہی ہے — فوٹو: امتیاز علی
دفاعی نمائش آئیڈیاز کی تقریب آج نشانِ پاکستان پارک سی ویو میں ہو رہی ہے — فوٹو: امتیاز علی

کراچی ٹریفک پولیس نے عالمی دفاعی نمائش اور سیمینار (آئیڈیاز) کی تقریب کے لیے سی ویو روڈ، کراچی کی بندش کے لیے الرٹ جاری کر دیا۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دفاعی نمائش آئیڈیاز کا 11واں ایڈیشن 15 سے 18 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں جاری ہے جس کی تقریب آج نشانِ پاکستان پارک سی ویو میں ہو رہی ہے، جس کے سبب سی ویو روڈ آج دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک گھوڑا چورنگی سے خیابان بحریہ تک عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند ہوگا۔

ٹریفک پولیس نے اس ضمن میں کراچی کے عوام کی سہولت کے لیے متبادل راستوں کا اعلان بھی کیا ہے، متبادل راستوں کے مطابق وہ تمام لوگ جو کلاک ٹاور سے میکڈونلڈ کی جانب جانا چاہتے ہیں، انہیں سی ویو بحریہ سے خیابان صبا کی جانب موڑا جائے گا جہاں سے وہ اپنی منزل کی جانب جاسکیں گے۔

اسی طرح وہ تمام ٹریفک جو سعودی ایمبیسی سگنل سے براستہ خیابان شمشیر، میکڈونلڈ کی جانب جاتی ہے اسے خیابان صبا سے دائیں اور بائیں جانب موڑ دیا جائے گا۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ہائپر اسٹار سے سی ویو روڈ کی جانب جانے والی تمام ٹریفک کو 26 اسٹریٹ اور خیابان صبا کی جانب موڑ دیا جائے گا۔

کراچی ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ عوام زحمت اور پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا استعمال کریں، ٹریفک سے متعلق کسی بھی قسم کی دشواری کے بارے میں ٹریفک پولیس کراچی کی ہیلپ لائن رہنما 1915 پر کال کریں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کراچی کے مطابق عوام، ٹریفک کے حوالے سے باخبر اور آگاہ رہنے کے لیے ایف ایم 88.6 کو ٹیون کریں یا ٹریفک پولیس کراچی کے فیس بک پیج سے ٹریفک کی صورتحال سے متعلق معلومات حاصل کریں۔

واضح رہے کہ ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) نے بتایا تھا 18 نومبر تک جاری رہنے والی 4 روزہ نمائش میں دنیا کے 64 ممالک اپنی مصنوعات کے ساتھ شریک ہوں گے، رواں سال کے آئیڈیاز میں پاکستان سمیت 51 ممالک کے 285 وفود بھی شریک ہو رہے ہیں۔

سال 2000 میں پہلی بار انٹرنیشنل ڈیفنس ایگزیبیشن اینڈ سیمینار (آئیڈیاز) کا آغاز کیا گیا تھا اور تب سے اب تک اس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر ہو رہا ہے۔

ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے کراچی کا انتخاب ہوا، 11ویں آئیڈیاز 15 سے 18 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی ساز و سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔

آئیڈیاز میں اسلحے کی صنعت سے متعلق مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں اور ڈیلرز کو اپنی مصنوعات اور خدمات کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، یہی نہیں بلکہ یہاں دفاعی پیداوار سے متعلق مشترکہ منصوبے، آؤٹ سورسنگ اور تعاون پر تبادلہ خیال کے مواقع بھی موجود ہوتے ہیں۔

آئیڈیاز 2022 ایسے وقت میں منعقد ہو رہی ہے جب دنیا میں سیاسی، تجارتی اور دفاعی سطح پر نئے بلاک ابھر رہے ہیں۔

امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشمکش، جنوبی بحیرہ چین میں کشیدگی اور پھر اس سال یوکرین پر روسی حملے نے ایشیائی خطے کے ساتھ ساتھ یورپ میں بھی سلامتی کے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں اس وقت دفاعی اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

آئیڈیاز کا 2000 میں پہلی مرتبہ انعقاد کیا گیا اور تب سے اب تک ہر نمائش میں ملکی اور غیر ملکی دفاعی صنعت کی کمپنیوں کی شرکت بڑھ رہی ہے، پہلی آئیڈیاز میں شامل کمپنیوں کی تعداد 100 سے کچھ زائد تھی جو 2018 میں بڑھ کر 500 سے زائد ہوگئی تھی، اس نمائش میں افریقہ، امریکا، ایشیائی ممالک، وسطی ایشیائی ممالک، یورپ اور مشرق وسطیٰ کے ممالک بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

آئیڈیاز میں پاکستان مقامی طور پر تیار ہونے والے ہمہ جہت جنگی ہتھیاروں کی نمائش کرتا ہے، ان میں فضائی جنگ کے لیے تیار کردہ جے ایف 17 تھنڈر کے علاوہ لڑاکا پائلٹس کی تربیت کے لیے مشاق، سپر مشاق اور ’کے 8‘ طیارے بھی نمائش کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024