• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

ڈیجیٹل معیشت عالمی اقتصادی ڈھانچے کا ایک اہم عنصر بن گئی ہے، چینی صدر

شائع November 16, 2022
چینی صدر نے کہا کہ ہم گلوبل ڈیجیٹل اقتصادی ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے تیار ہیں—فوٹو: اے پی پی
چینی صدر نے کہا کہ ہم گلوبل ڈیجیٹل اقتصادی ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے تیار ہیں—فوٹو: اے پی پی

چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل معیشت عالمی اقتصادی ڈھانچے کا ایک اہم عنصر بن گئی ہے۔

سرکاری خبرایجنسی ’اے پی پی‘ نے چینی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ صدر شی جن پنگ نے جی-20 سربراہی اجلاس میں ڈیجیٹل معیشت کے حوالے سے کہا کہ یہ عالمی اقتصادی ڈھانچے کا ایک اہم عنصر بن چکا ہے اور چین جی۔20 اراکین کے ساتھ گلوبل ڈیجیٹل اقتصادی ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں جی۔20 نے اس ضمن میں زیادہ سے زیادہ اتفاق رائے حاصل کیا اور مزید تعاون بھی ہو رہا ہے اور مختلف فریق ڈیجیٹل تعاون بڑھاتے ہوئے دیگر ممالک کے عوام تک اس کے ثمرات پہنچائیں۔

رپورٹ کے مطابق شی جن پنگ نے کثیرالجہتی پر ثابت قدم رہتے ہوئے عالمی سطح پر مضبوط تعاون، ڈیجیٹل خلا دور کرنے اور اس حوالے سے اختراعات کے فروغ کے لیے تجاویز بھی پیش کیں۔

اجلاس کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ چین نے جی۔20 ڈیجیٹل اختراعات کے تعاون کا منصوبہ پیش کیا اور اس میں مختلف فریقین کی شرکت کا خیرمقدم کیا۔

صدر شی نے کہا کہ چین جی۔20 اراکین کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ایک متوازن، ہم آہنگ، تعاون، مشترکہ مفادات اور مشترکہ خوش حالی پر مبنی گلوبل ڈیجیٹل اقتصادی ڈھانچہ تشکیل دینے کے لیے تیار ہے۔

جی-20 سربراہی اجلاس کا اعلامیہ جاری

انڈونیشیا میں منعقدہ جی۔20 سربراہی اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جہاں رواں برس 22 جولائی کو استنبول میں ترک صدر رجب طیب اردوان کی سربراہی میں یوکرین، روس، ترکیہ اور اقوام متحدہ کے درمیان طے پانے والے یوکرینی اناج کی برآمدی کھیپ کے معاہدے کا بھی ذکر کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جی-20 اجلاس میں شامل رہنماؤں نے کہا کہ ہم ترکیہ اور اقوام متحدہ کی ثالثی میں طے پانے والے استنبول معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور فریقین کا معاہدے پر مکمل طور پر، بروقت اور مستقل بنیادوں پر عمل درآمد اہمیت کا حامل ہے۔

جی-20 اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں جوہری اسلحے کے استعمال کے ناقابل قبول ہونے پر زور دیتے ہوئے یہ پیغام دیا گیا کہ تنازعات کا پر امن طریقے سے سد باب کرنا حیاتی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ دور جنگوں کا دور نہیں ہونا چاہیے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ ہمیں عالمی غذائی تحفظ کے حوالے سے موجودہ پیش رفت پر گہری تشویش ہے اور خاص کر اس موضوع پر نازک حیثیت رکھنے والے ممالک کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ضمانت دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جی۔20 بالی سربراہی اجلاس کے اعلامیے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ بھارت کو جی-20 کا نیا چیئرمین منتخب کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024