• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

خیبرپختونخوا: باجوڑ میں دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید

شائع November 16, 2022
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا —فائل فوٹو: اے ایف پی
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہو گیا —فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کے علاقے ہلال خیل میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 فوجی جوان شہید ہوگئے جبکہ ایک دہشت گرد مارا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوہاٹ کے رہائشی 33 سالہ نائیک تاج محمد اور مالاکنڈ کے 30 سالہ لانس نائیک امتیاز خان شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 15 اور 16 نومبر کی رات کو باجوڑ کے علاقے ہلال خیل میں سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا، مارے جانے والے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جو علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کارروائی جاری ہے۔

واضح رہے کہ 31 اکتوبر کو بلوچستان کے علاقے شاہرگ میں دہشت گردوں کی جانب سے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں 2 جوان شہید ہوگئے تھے۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بلوچستان کے علاقے شاہرگ کے قریب دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا تھا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کمان کے قریبی علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کرنے کے لیے کارروائی کی جارہی تھی۔

قبل ازیں 29 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوئے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے دارازندا میں پاک فوج کے جوانوں اور دہشت گردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران خوشاب سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے 33 سالہ لانس نائیک ساجد حسین اور اٹک سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ سپاہی محمد اسرار شہید ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024