• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

عمران خان لانگ مارچ کو ممنوعہ فنڈنگ سے چلا رہے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن

شائع November 16, 2022
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر قومی سلامتی کے اداروں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔—فائل فوٹو: فیس بک
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر قومی سلامتی کے اداروں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ عمران خان لانگ مارچ ممنوعہ فنڈنگ کے پیسوں سے چلا رہے ہیں، اسے اندرونی جارحیت نہیں تو اور کیا کہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰں نے کہا کہ یحییٰ خان کے دور حکومت میں جنرل رانیوں کی حکومت تھی مگر عمران خان کے دور میں پیرنیو اور گوگیوں کی حکومت تھی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ ملک کو جن حالات سے دوچار کیا جارہا ہے، قومی فریضہ ہے کہ پاکستان کی بقا کے لیے یک جہتی کا مظاہرہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف جارحیت کا مقابلہ کریں کیونکہ بیرونی دشمن اتنا نقصان نہیں پہنچا سکتا جتنا عمران خان نے دشمن بن کر اندرونی جارحیت میں اضافہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، قومی اداروں کو تضحیک کا نشانہ نہیں بننے دیں گے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران خان اپنے دورِ حکومت کی کارکردگی کا تو بتائیں کیونکہ اپنے دور میں ملک کو آپ نے ڈبو دیا لیکن اب ملک کو ٹھیک کرنے کے لیے جدوجہد ہو رہی ہے باوجود اس کے کہ اضطراب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ ملک کو بلیک لسٹ کی طرف لے کر جا رہے تھے لیکن ہم نے ملک کو گرے لسٹ سے نکال دیا اور اب ہماری حکومتی پالیسی سود سے پاک پاکستان کی طرف جا رہی ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ جو امریکی سازش کا کاغذ آپ لہراتے تھے وہ کہاں گیا، آپ کیوں امریکی سازش والی بات سے مکر گئے ہیں اور اب امریکا کو منانے کے لیے منتیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ کو ممنوعہ فنڈنگ کے پیسوں سے چلا رہے ہیں، اب اس سے اندرونی جارحیت نہیں تو اور کیا کہیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ اب یہ اسلام آباد کے بجائے راولپنڈی کی طرف مارچ کر رہا ہے کیونکہ اسلام آباد کی زمین بہت گرم ہے، اس پر نازک پاؤں جل جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا حملہ اب پہیلی بن گیا ہے، اب تک نہیں معلوم اصل کہانی کیا ہے لیکن پاکستان کی ایٹمی صلاحیت امریکا، اسرائیل، بھارت اور عمران خان کے نشانے پر ہے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر قومی سلامتی کے اداروں پر دباؤ بڑھا رہے ہیں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ جب چین کے صدر پاکستان کے لیے بڑے پیکج کا اعلان کر رہے تھے تو عمران خان نے دھرنا دے کر اس کو سبوتاژ کیا، اب سعودی ولی عہد کے دورے کو بھی سبوتاژ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024