عمیر جسوال ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں شعیب اختر بنیں گے
گلوکار، اداکار و ماڈل عمیر جسوال نے تصدیق کی ہے کہ وہ آنے والی بائیوگرافی فلم ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں سابق قومی فاسٹ باؤلر شعیب اختر کا کردار ادا کرتے دکھائی دیں گے۔
عمیر جسوال نے انسٹاگرام پر اپنے کردار کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا کہ وہ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ میں شعیب اختر کا روپ دھارنے کو تیار ہیں۔
انہوں نے فلم میں شعیب اختر کا مرکزی کردار ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ وہ ایک ایسی عالمی فلم میں کام کر رہے ہیں جو اپنی نوعیت کی منفرد فلم ہوگی۔
انہوں نے جو تصویر شیئر کی، اس میں انہیں شعیب اختر کی شرٹ پر لکھے نمبر ’14‘ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے اور ان کی شرٹ پر ’شعیب‘ لکھا ہوا نظر آتا ہے۔
انہوں نے فلم کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں جب کہ فلم کے ہدایت کار ایم فراز قیصر نے بھی عمیر جسوال کی تصویر شیئر کرتے ہوئے فلم میں انہیں کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی۔
علاوہ ازیں ’راولپنڈی ایکسپریس‘ فلم کے بنائے گئے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے بھی عمیر جسوال کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق کی گئی۔
اگرچہ فلم کی ٹیم نے مرکزی اداکار کی تصدیق کردی، تاہم دیگر کاسٹ اور ٹیم کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی دیگر کاسٹ میں اور کون سے اداکار شامل ہوں گے، تاہم فلم کی ٹیم کے مطابق ابھی متعدد اداکاروں کے لیے آڈیشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
فلم کی ٹیم نے تاحال ’راولپنڈی ایکسپریس‘ کی کہانی سے متعلق مزید کوئی وضاحت نہیں کی مگر خیال کیا جا رہا ہےکہ فلم میں شعیب اختر کے یادگار کرکٹ میچز بھی دکھائے جائیں گے، جس وجہ سے فلم میں دیگر کرکٹرز کے کردار بھی شامل کیے جائیں گے۔
امکان ہے کہ فلم میں شعیب اختر کے تمام تنازعات اور اسکینڈلز کو دکھایا جائے گا، جس کی وجہ سے فلم میں کئی نامور کرداروں کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ 'راولپنڈی ایکسپریس' کو آئندہ سال تک ریلیز کردیا جائے گا اور ممکنہ طور پر اس میں شعیب اختر سمیت کچھ نامور کھلاڑیوں کو حقیقی طور پر بھی دکھایا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔
عمیر جسوال کی جانب سے خود کو کاسٹ کیے جانے کی تصدیق سے قبل سابق کرکٹر شعیب اختر نے جولائی 2022 میں بتایا تھا کہ ان کی زندگی پر فلم بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 'راولپنڈی ایکسپریس' میں وہ باتیں اور انکشافات شامل ہوں گے جو کہ آج تک راز بنے ہوئے ہیں۔
کرکٹر نے بتایا تھا کہ بہت سارے لوگ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ ان سے متعلق ہر چیز جانتے ہیں مگر ایسا نہیں اور اب ان کی زندگی پر بننے والی بائیوگرافی فلم میں سب راز سامنے آجائیں گے۔
خیال رہے کہ شعیب اختر نے دسمبر 1997 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیل سے کیریئر کا آغاز کیا تھا، انہوں نے 46 ٹیسٹ میچ کھیلے، جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 178 وکٹیں حاصل کیں۔
شعیب اختر نے 163 ون ڈے میچز میں 247 جب کہ 15 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 19 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے مارچ 2011 میں ریٹائرمنٹ لی تھی، کیریئر کو الوداع کہنے سے قبل وہ کافی عرصے تک فٹنیس کے مسائل سے دوچار رہے تھے۔
انہیں دنیا کے فاسٹ ترین باؤلر کا اعزاز بھی حاصل ہے، کہا جاتا ہے کہ ان کی باؤلنگ کی رفتار 100 میل فی گھنٹہ کے برابر ہوتی تھی، اپنے کیریئر میں وہ کئی تنازعات، اسکینڈلز اور مسائل سے دوچار رہے جب کہ کیریئر ختم ہونے کے بعد بھی وہ اپنے بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔