• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

حکومت کا ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان

شائع November 15, 2022 اپ ڈیٹ November 30, 2022
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت سے فیصلہ کیا گیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت سے فیصلہ کیا گیا ہے—فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کا اطلاق 16 نومبر سے 30 نومبر تک ہوگا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اسحٰق ڈار نے کہا کہآج 15 نومبر ہے اور آج رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کرنا ہوتا ہے تو وزیراعظم شہباز شریف کی اجازت سے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کے کسی بھی ایٹم کی قیمت نہیں بڑھے گی۔

انہوں کہا کہ پیٹرول، ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رہیں گی، 16 نومبر سے 30 نومبر تک وہی قیمتیں ہوں گی جو آج نافذالعمل ہیں۔


پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ فی لیٹر قیمت

  • پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 224 روپے 80 پیسے
  • ہائی اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے
  • مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے
  • لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 197 روپے 28 پیسے

اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ حکومت نے پیٹرول، ڈیزل، لائٹ ڈیزل آئل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں رد بدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں اگلے 15 روز کے لیے برقرار رہیں گی۔

اسحٰق ڈار نے کہا کہ 9 نومبر کو حکومت پاکستان نے وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں گورنر اسٹیٹ کی مشاورت سے حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا جس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان، نیشنل بینک آف پاکستان سود کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف جو اپیلیں دائر کرچکے ہیں ان کو واپس لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ جیسے میں نے کہا تھا کہ اس پر چند دن میں عمل درآمد ہوجائے گا تو اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک نے سپریم کورٹ میں باقاعدہ درخواست دائر کردی ہے کہ ہم اپنی اپیلیں واپس لینے کی درخواست کرتے ہیں اور دونوں درخواستیں جمع ہو چکی ہیں۔

یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کی تجویز مسترد کرتے ہوئے 31 اکتوبر تک تمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے واشنگٹن سے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ ’وزرات خزانہ میں اوگرا (آئل اینڈ گیس ریگیولیٹر اتھارٹی) کی سمری مل چکی ہے اور میرے ساتھ یہاں واشنگٹن میں پہنچائی گئی ہے اور میں نے دیکھا ہے‘۔

انہوں نے کہا تھا کہ سمری میں ’پیٹرول میں معمولی کمی جبکہ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں اضافے کی تجویز دی گئی ہے اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف سے تبادلہ خیال کیا ہے‘۔

وزیرخزانہ نے کہا تھا کہ ’مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے چاروں مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کریں گے اور 31 اکتوبر 2022 تک یہی قیمتیں جاری و ساری رہیں گی‘۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024