• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

الیکشن کمیشن کا بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکومت پنجاب کے رویے پرناپسندیدگی کا اظہار

شائع November 15, 2022
الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیربلدیات اور چیف سیکیریٹری کو طلب کرلیا— فائل فوٹو: ای سی پی فیس بک
الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیربلدیات اور چیف سیکیریٹری کو طلب کرلیا— فائل فوٹو: ای سی پی فیس بک

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکومت پنجاب کے رویے پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کا جلد انعقاد ممکن بنایا جائے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آج الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی صدارت میں ہوا، جہاں تمام اراکین کے علاوہ سیکریٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دی کہ پنجاب کی صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے قانون سازی کی ہے اور پنجاب اسمبلی نے لوکل گورنمنٹ بل 2021 یکم نومبر 2022 کو منظور کرلیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر 2022 کو پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے کیس کی سماعت کے دوران حکومت پنجاب کو حکم دیا تھا کہ 15 دن کے اندر الیکشن رولز، حلقہ بندی رولز، یونین کونسلوں کی تعداد، دیگر ڈیٹا اور نقشہ جات الیکشن کمیشن کو مہیا کریں تاکہ الیکشن کمیشن حلقہ بندی کے عمل کا آغاز کر سکے۔

حکومت پنجاب کی قانون سازی کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے ڈرافٹ رولز موصول ہوئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن کو دیگر دستاویزات، ڈیٹا اور نقشہ جات وغیرہ تاحال مہیا نہیں کیے گئے۔

بیان میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے اس بات کا سخت نوٹس لیا اور ناپسندیدگی کا اظہار کیا کہ الیکشن کمیشن پہلے بھی دو مرتبہ حلقہ بندیوں کی تکمیل کر چکا ہے اور ان حلقوں پر آنے والے اخراجات قومی خزانے پر بوجھ ثابت ہوئے، لیکن صوبائی حکومت کے غیر سنجیدہ رویے اور بار بار قانون میں ترامیم کی وجہ سے صوبے میں الیکشن کا انعقاد ممکن نہیں ہوسکا۔

اجلاس کے دوران کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کو تیسری مرتبہ حلقہ بندیاں کرنی پڑیں گی۔

بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے یہ بھی حکم دیا کہ وزیر بلدیات پنجاب، چیف سیکریٹری پنجاب اور سیکریٹری بلدیات کو اجلاس میں جلد بلایا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جاسکے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات 120 دن کے اندر کرانے کا پابند ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر کو بھی حکم دیا گیا کہ وہ فوری طور پر حلقہ بندی کمیٹیوں اور حلقہ بندی اتھارٹیز کی تعیناتی کا کیس الیکشن کمیشن میں پیش کیا جائے تاکہ ضروری نوٹی فکیشن جاری ہوں اور عملے کی فوری طور پر ٹریننگ یقینی بنائی جائے۔

الیکشن کمیشن کے دفتر کو بھی حکم دیا گیا کہ ڈرافٹ رولز پر اپنا فیڈ بیک فوری طوری پر مکمل کریں تاکہ الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں ضروری اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024