مانچسٹر یونائیٹڈ کے اعلیٰ عہدیدار مجھے کلب سے باہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کرسٹیانو رونالڈو
معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالک گلیز خاندان کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو اس بات کی پروا نہیں کہ پریمیئر لیگ کے بڑے کھلاڑی میدان میں کتنے کامیاب ہیں۔
غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق ’ٹاک ٹی وی‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے پرتگال کے معروف فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈ نے کہا کہ انہوں نے محسوس کیا ہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے دھوکا دیا گیا ہے اور کلب کی اعلیٰ شخصیات انہیں بے دخل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
انٹرویو کے دوران معروف فٹ بالر نے کلب پر شدید تنقید کی جہاں انہوں نے 2003 سے 2009 تک اولڈ ٹریفورڈ میں اپنے پہلے دور میں خوب نام کمایا اور کلب کا نام روشن کیا تھا۔
کرسٹیانو رونالڈ نے کہا کہ انہوں نے گلیزر فیملی سے بات نہیں کی اور ان کے دل میں کلب کے لیے بہترین مفادات نہیں۔
معروف فٹبالر نے کہا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالکان کو کلب کی کوئی پروا نہیں ہے اور نہ ہی ان کو پروفیشنل اسپورٹس کا خیال ہے کیونکہ سب کو پتا ہے کہ مانچسٹر ایک مارکیٹنگ کلب ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں وہ (مالکان) مارکیٹنگ سے پیسہ کمائیں گے جبکہ ان کو کھیل کے بارے میں کوئی پروا نہیں ہے۔
کرسٹیانو رونالڈ نے مزید کہا کہ شائقین اپنی جگہ ہمیشہ درست ہوتے ہیں اور میرے خیال میں شائقین کو سچ پتا چلنا چاہیے اور یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ کھلاڑی کلب کی بہتری چاہتے ہیں۔
معروف فٹبالر نے کہا کہ میں بھی کلب کی بہتری چاہتا ہوں اس لیے میں مانچسٹر یونائیٹڈ میں شامل ہوا۔
خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈ نے مانچسٹر یونائیٹڈ میں اپنے پہلے دور میں تین پریمیئر لیگ ٹائٹلز اور چیمپیئنز لیگ جیتے جبکہ 2017 سے کلب نے کوئی ٹائٹل حاصل نہیں کیا۔
کرسٹیانو رونالڈ نے کہا کہ کلب میں کچھ ایسی چیزیں ہیں جو مانچسٹر یونائیٹڈ کو اپنے حریف مانچسٹر سٹی اور لیورپول کے خلاف میدان میں اترنے سے روک رہی ہیں اور آنے والے چند برسوں میں ٹاپ پر واپس جانا ان کے لیے مشکل ہوگا۔
انہوں نے سابق ساتھیوں وین رونی اور گیری نیول کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آڑے ہاتھوں لیا۔
فٹ بالر نے کہا کہ لوگوں کا اپنا خیال ہو سکتا ہے مگر ان کو پتا نہیں کہ ٹریننگ گراؤنڈ اور کیرنگٹن یا میری زندگی میں کیا ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ان کو میرا نکتہ نظر سننا ہوگا کیونکہ تنقید کرنا بہت آسان ہے، آپ پوری کہانی سے واقف نہ ہوں اور تنقید کرتے رہیں تو ’آپ میرے دوست نہیں ہیں‘۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے انٹرویو میں اس بات کی بھی وضاحت کی کہ وہ جولائی میں مانچسٹر یونائیٹڈ کے پری سیزن کے آسٹریلیا کے دورے پر کیوں نہیں گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اہلیہ جارجینا روڈریگ اور بیٹی بیلا ایسمیرالڈا ایک بڑے معاملے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہیں لیکن مانچسٹر یونائیٹڈ کا ان پر مکمل طور پر اعتماد نہیں ہے۔
فٹ بالر نے سخت لہجے میں کہا کہ ’میں فٹ بال کے لیے اپنے خاندان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گا اور اس سے پہلے کسی چیز سے اتنی تکلیف نہیں ہوئی کیونکہ ان کو میری بات پر شک تھا‘۔
تاہم، مانچسٹر یونائیٹڈ نے بعد ازاں ایک بیان میں کہا کہ تمام حقائق سامنے آنے کے بعد کلب اپنے جواب پر نظرثانی کرے گا۔
اپنی قومی ٹیم کے چند بین الاقوامی کھلاڑیوں کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ قومی ٹیم کے کام پر مکمل توجہ ہے۔