پی ٹی آئی کی حکومت کو سازش کے ذریعے گرایا گیا، پرویز خٹک
پاکستان تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا کے صدر پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی حکومت کو سازش کے ذریعے گرایا گیا لیکن اس اقدام کا اثر اس سازش میں ملوث لوگوں اور ان کے ہینڈلرز پر الٹ پڑ گیا اور چیئرمین پی ٹی آئی کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
چارسدہ کے علاقے تنگی میں پی ٹی آئی کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام تر سازشوں کے باوجود عمران خان ملک کے مضبوط اور مقبول لیڈر بن کر ابھرے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کا اندازہ حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے لگایا جا سکتا ہے جس میں انہوں نے وفاقی حکومت کے حمایت یافتہ امید واروں کو ذلت آمیز شکست دی۔