• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

فائنل میں بارش کا اندیشہ، آئی سی سی نے قواعد میں تبدیلی کردی

شائع November 12, 2022
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں کل ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی— فوٹو بشکریہ آئی سی سی
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں کل ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی— فوٹو بشکریہ آئی سی سی

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل کل کھیلا جائے گا اور فائنل میں بارش کی ممکنہ مداخلت کے پیش نظر قواعد میں تبدیلی کردی گئی ہے۔

خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کے مطابق اتوار کے ساتھ ساتھ پیر کو ریزرو ڈے پر بھی میلبرن میں تیز بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کی وجہ سے فائنل متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ فائنل: جیت کس کی ہوگی؟ پاکستان، انگلینڈ یا بارش؟

ٹورنامنٹ میں پہلے ہی سپر 12 راؤنڈ کے کچھ میچز بارش کی نذر ہو چکے ہیں، تاہم ایونٹ کے دونوں سیمی فائنل کسی بھی قسم کے تعطل سے محفوظ رہے۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں کل ٹرافی کے لیے مدمقابل ہوں گی لیکن میچ میں بارش کی مداخلت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے فائنل کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلی کی ہے۔

ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے فائنل کے ریزرو ڈے کے موقع پر اضافی وقت دو گھنٹے سے بڑھا کر چار گھنٹے کر دیا ہے تاکہ بارش ہونے کی صورت میں میچ کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے مزید وقت لیا جا سکے۔

فائنل کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے دونوں ٹیموں کو کم از کم دس اوورز بیٹنگ کرنا ہو گی۔

آئی سی سی نے کہا ہے کہ اگر میچ کے دن کم از کم دس اوورز فی اننگز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا تو پھر اسی صورت میں ریزرو ڈے پر میچ کو منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف 1992 کی فتح سے تحریک مل رہی ہے، ہیڈن

اتوار کو میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں پیر کو پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر ساڑھے تین بجے شروع ہو گا جبکہ اس کے علاوہ اتوار کو بھی 30 منٹ کا اضافی وقت رکھا گیا ہے۔

اگر بارش اور خراب موسم کے سبب میچ دونوں دن مکمل نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو مشترکہ طور پر فاتح قرار دیا جائے گا۔

میلبرن بالخصوص موسم بہار میں اپنے غیر متوقع موسم کے لیے شہرت رکھتا ہے اور بعض اوقات پیش گوئیاں بالکل غلط بھی ثابت ہوتی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سپر12 راؤنڈ کے میچ میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی لیکن میچ میں مکمل 40 اوورز کا کھیل ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024