• KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:30pm
  • KHI: Maghrib 5:44pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:27pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:30pm

پی ایس ایل8: کھلاڑیوں کا انتخاب، بابراعظم پشاور زلمی میں شامل

شائع November 11, 2022
بابراعظم گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کےکپتان تھے—فوٹو: پشاور زلمی ٹوئٹر
بابراعظم گزشتہ سیزن میں کراچی کنگز کےکپتان تھے—فوٹو: پشاور زلمی ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیموں کی جانب سے کھلاڑیوں کے حصول کا اعلان کردیا گیا اور پشاور زلمی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابراعظم آٹھویں سیزن میں ان کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں پشاور زلمی نے کہا کہ بابراعظم کو پشاور زلمی میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ٹیم میں برقرار رہنے والے دیگر کھلاڑیوں میں وہاب ریاض، عامر جمال، محمد حارث، شرفین روتھرفورڈ، سلمان ارشاد اور ٹوم کوہلر شامل ہیں۔

بابراعظم پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں ان کی ٹیم عماد وسیم کی قیادت میں 2020 کے سیزن میں چمپیئن بنی تھی تاہم اس کے بعد 2021 میں بابر کو ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

**یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل7: قلندرز نے یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی **

کراچی کنگز بابراعظم کی قیادت میں کراچی کنگز کی ٹیم خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئی تھی اور رواں برس کھیلے گئے سیزن کے فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرپائی تھی۔

کراچی کنگز نے پشاور زلمی سے شعیب ملک اور حیدر علی کو حاصل کیا ہے۔

شعیب ملک نے ٹوئٹ میں کہا کہ پشاور زلمی کے ساتھ گزرے وقت میں محظوظ ہوئے اور کراچی کنگز کے ساتھ کھیلنے کے لیے پرعزم ہوں۔

کراچی کنگز نے عماد وسیم اور محمد عامر کو اپنی ٹیم میں ایک مرتبہ پھر برقرار رکھا ہے۔

کنگز کے دیگر کھلاڑیوں میں شرجیل خان، عامر یامین، حمزہ اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی قاسم شامل ہیں۔

ملتان سلطان نے محمد رضوان، شان مسعود اور خوشدل شاہ کو برقرار رکھنے کا اعلان کیا، دیگر کھلاڑیوں میں رائلی روسو، شاہنواز دھانی، ٹم ڈیوڈ، احسان اللہ اور عباس آفریدی شامل ہیں۔

دفاعی چمپیئن لاہور قلندرز نے شاہین آفریدی سمیت تمام کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد، محمد نواز، افتخار احمد، جیسن روئے، محمد حسنین، سل اسمیڈ، عمر اکمل اور نوین الحق کو ٹیم میں برقرار رکھا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان، آصف علی، حسن علی، اعظم خان، فہیم اشرف کو برقرار رکھا ہے۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل 8 کا آغاز 9 فروری 2023 کو ہوگا اور 19 مارچ کو فائنل کھیلا جائے گا، آٹھویں سیزن کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز نے فائنل میں دو دفعہ کی چمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر پہلی دفعہ ٹائٹل حاصل کیا تھا۔

لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان فائنل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024