• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

آرمی چیف کا تقرر: ’وزیراعظم کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کریں گے‘

شائع November 11, 2022
موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے — فائل/فوٹو: رائٹرز
موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے — فائل/فوٹو: رائٹرز

اگلے آرمی چیف کے تقرر کے حوالے سے ملک کے اندر اور باہر مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اہم بات چیت جاری ہے جب کہ شریف برادران نے گزشتہ روز لندن میں ہونے والی ایک اہم ترین ملاقات میں مبینہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ چاہے کچھ بھی ہو حالات و نتائج ہوں، وزیر اعظم کسی بھی 'دباؤ' کو قبول نہیں کریں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق دوسری جانب، گزشتہ روز ہی ایک اور اہم پیش رفت سامنے آئی کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد ان کی وطن واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی تعیناتی پر نواز شریف سے مشاورت کیلئے وزیر اعظم لندن پہنچ گئے

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ایسے نئے آرمی چیف کے تقرر کے لیے دباؤ کے پیش نظر جو ان کے لیے قابل قبول ہو اور قبل از وقت انتخابات کا اعلان کرے، وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بڑے بھائی کے درمیان لندن میں ہونے والی اہم بات چیت کے حوالے سے باخبر معتبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ملاقات کے دوران دونوں نے فیصلہ کیا کہ آرمی چیف کے تقرر کے وزیر اعظم کے اختیارات کسی بھی قیمت پر کسی دوسرے شخص کو نہیں دیے جائیں گے۔

اندرونی ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم تیزی سے بدلتے ہوئے سیاسی منظر نامے کے تناظر میں اپنے بڑے بھائی کے سامنے مبینہ طور پر کچھ حلقوں کی جانب سے پیش کیے گئے آپشنز کو رکھنے کے لیے لندن گئے۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں بھائیوں نے عمران خان کے فوری انتخابات کے مطالبے کو تسلیم نہ کرنے پر اتفاق کیا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی شہباز شریف سے ملاقات، سیاسی منظر نامے پر تبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف کو بتایا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تقریباً تمام جماعتیں آرمی چیف کے تقرر اور موجودہ حکومت کی مدت اگست 2023 تک مکمل کرنے کے وزیر اعظم کے اختیارات پر ایک صفحے پر ہیں، پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنی حکومت کی قربانی دینے تک کے لیے بھی تیار ہیں لیکن وہ اس معاملے پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گی۔

ان ملاقاتوں میں نواز شریف کے بچے مریم نواز، حسن نواز اور حسین نواز بھی موجود تھے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی نجی ٹی وی چینل کو تصدیق کی کہ شریف برادران نے آرمی چیف کے تقرر سے متعلق بات چیت کی۔

مزید پڑھیں: فوجی کمان کی تبدیلی سے قبل ملاقاتوں کا سلسلہ جاری، اہم فیصلے متوقع

مسلم لیگ (ن) کے اندرونی ذرائع نے کہا کہ اتحادی حکومت پر آرمی چیف کے تقرر اور نئے انتخابات کے معاملے پر کچھ حلقوں کی جانب سے 'کچھ دباؤ' تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسی دباؤ کے پیش نظر شہباز شریف نے پارٹی قائد سے رابطہ کیا کہ وہ فیصلہ کریں کہ مطالبات مانے جائیں یا نہیں۔

وزیر اعظم دو روز قبل مصر سے واپسی پر اپنے بڑے بھائی اور پارٹی قائد سے نئے آرمی چیف کے تقرر پر 'حتمی بات چیت' کے لیے لندن پہنچے تھے جو 3 سال سے خود ساختہ جلاوطن ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، موجودہ آرمی چیف کی مدت ملازمت 29 نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔

رواں سال اپریل میں وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ برطانیہ کا تیسرا دورہ تھا۔

مزید پڑھیں: ممکن ہے نئے آرمی چیف کی تعیناتی سے قبل ہی انتخابات کروا دیے جائیں، وزیر دفاع

معزول وزیر اعظم عمران خان نے متعدد مواقع پر وزیر اعظم کو اشتہاری مجرم (نواز شریف) کے ساتھ اہم تعیناتی پر بات کرنے پر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ اور ان کے حلف کی خلاف ورزی ہے۔

تاہم نئے آرمی چیف کے انتخاب سے قبل مشاورت کا بار بار مطالبہ کرنے کے بعد چند روز قبل زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے معاملے پر ایک نئے مؤقف کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں شہباز شریف کی زیر قیادت اتحادی حکومت کی جانب سے اس اہم تعیناتی پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

اس سے قبل گزشتہ کئی مہینوں میں متعدد عوامی جلسوں اور بیانات میں عمران خان نے کہا تھا کہ شریف برادران اور آصف زرداری اعلیٰ فوجی عہدے پر تقرر کے لیے نااہل ہیں اور چوروں کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے الزام لگایا تھا کہ آصف زرداری اور نواز شریف احتساب سے بچنے کے لیے اپنی پسند کا آرمی چیف مقرر کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’قبل از وقت انتخابات کیلئے وزیراعظم پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکتا‘

انہوں نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو آئندہ انتخابات تک توسیع دینے کی تجویز بھی دی تھی، عمران خان نے کہا تھا کہ نئے آرمی چیف کا تقرر تازہ انتخابات کے بعد منتخب ہونے والے وزیر اعظم کی جانب سے کیا جانا چاہیے، انہوں نے کہا تھا کہ اہم تعیناتی نئی منتخب حکومت کے ذریعے کی جانی چاہیے۔

ڈان کی جانب سے رابطہ کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے شریف برادران کے درمیان ہونے والی بات چیت پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔

نواز کو سفارتی پاسپورٹ مل گیا

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مبینہ طور پر 5 سال کی میعاد کے ساتھ سفارتی پاسپورٹ جاری کردیا گیا۔

وزارت داخلہ کے ایک سینئر عہدیدار نے ڈان کو بتایا کہ اس سے قبل نواز شریف کو جاری کیے گئے پاسپورٹ کی میعاد گزشتہ سال 16 فروری کو ختم ہوگئی تھی۔

مزید پڑھیں: نیب کی نواز شریف کا پاسپورٹ، شناختی کارڈ بلاک کرنے کی درخواست

قواعد کے تحت سابق صدور، وزرائے اعظم، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، چیف جسٹس، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، وزرا اور وزرائے مملکت، وزیر اعظم کے معاونین خصوصی اور اٹارنی جنرل سفارتی پاسپورٹ کے مستحق ہوتے ہیں لیکن گزشتہ پی ٹی آئی حکومت نے نواز شریف کے پاسپورٹ کی تجدید سے یہ کہہ کر انکار کردیا تھا کہ مفرور افراد اس استحقاق کے حقدار نہیں ہیں۔

اس سے قبل 23 اپریل کو نواز شریف کو اسلام آباد میں 10 سال کی میعاد کے ساتھ عام نوعیت کا پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

اختر حسین Nov 11, 2022 04:09pm
دو چوروں کی عوام کے مال پر خرمستی عالمی شُہرت یافتہ ڈاکوؤں کی گیدڑ بھبھکی

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024