• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:01pm

دوسرا سیمی فائنل: انگلینڈ کے ہاتھوں بھارت کو عبرتناک شکست

شائع November 10, 2022
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: اے ایف پی
لوکیش راہل صرف پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے— فوٹو: اے ایف پی
لوکیش راہل صرف پانچ رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے— فوٹو: اے ایف پی

ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ، بھارت کو عبرتناک شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا جہاں اس کا مقابلہ اتوار کو پاکستان کے ساتھ ہوگا۔

انگلینڈ نے بھارت کو 10 وکٹوں سے بدترین شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر اور ایلکس ہیلز نے 170 رنز کی شراکت بنا کر اپنی ٹیم کو تاریخی فتح سے ہمکنار کیا۔

بھارت کے 169 رنز کے تعاقب میں انگلش اوپنر ایلکس ہیلز نے جارحانہ نصف سنچری مکمل کی، انہوں نے صرف 28 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

دوسرے اینڈ سے کپتان جوز بٹلر نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور صرف 36 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

تاہم دونوں بلے بازوں کی دھواں دار اننگز کا سلسلہ نہیں رکا، انہوں نے پورے میچ کے دوران بھارتی باؤلرز کو بے بس کیے رکھا اور میدان کے ہر طرف شاندار شاٹس کھیلے۔

انگلینڈ کی جانب سے کپتان جوز بٹلر 49 بالز پر 80 اور ایلکس ہیلز 47 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

انگلینڈ کے لیے 47 گیندوں پر 80 رنز کی جارحانہ ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے پر ایلکس ہیلز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

قبل ازیں ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو فتح کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں لوکیش راہل صرف 5 رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کی وکٹ بن گئے۔

پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت شرما کا ساتھ دینے ویرات کوہلی آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاور پلے میں مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 47 رنز کی شراکت کی لیکن 56 کے مجموعے پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں روہت شرما وکٹ گنوا بیٹھے، انہوں نے 28 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

سوریا کمار یادیو نے آنے کے بعد چند بڑے شاٹس کھیلے لیکن عادل رشید کی ایک گیند پر چھکا مارنے کی کوشش میں وہ فل سالٹ کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 10 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔

تین وکٹیں گرنے کے بعد ہاردک پانڈیا کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے ویرات کوہلی کے ہمراہ 61 رنز جوڑ کر اسکور کو 136 تک پہنچا دیا۔

ویرات کوہلی نے ایک مرتبہ پھر ذمے دارانہ اننگز کھیلی اور نصف سنچری اسکور کی لیکن 40 گیندوں پر 50 رنز بنانے والے بلے باز کرس جورڈن کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے ہاردک پانڈیا نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور سیم کرن کے ایک اوور میں 20 رنز بٹور کر اپنی ٹیم کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے، ہاردک 33 گیندوں پر پانچ چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 63 رنز بنانے کے بعد اننگز کی آخری گیند پر ہٹ وکٹ ہوئے۔

انگلینڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد میچ میں پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

میچ کے لیے انگلینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں اور ڈیوڈ ملان اور مارک وُڈ کی جگہ فل سالٹ اور کرس جورڈن کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

بھارت کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ وہ ٹاس جیتنے کی صورت میں پہلے بیٹنگ ہی کا فیصلہ کرتے۔

بھارتی ٹیم نے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون کو برقرار رکھا تھا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

بھارت: روہت شرما (کپتان)، لوکیش راہُل، ویرات کوہلی، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، روی چندرن ایشون، بھوونیشور کمار، محمد شامی، ارشدیپ سنگھ۔

انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر بروز اتوار میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

گزشتہ روز کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی عمدہ اوپننگ شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024