• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

وزیر اعظم کی شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

شائع November 8, 2022
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا—فوٹو : ٹوئٹر/پی ایم ایل (این)
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا—فوٹو : ٹوئٹر/پی ایم ایل (این)

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورۂ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ ملے گا۔

یہ ملاقات مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقد ہونے والی ’کوپ 27‘ موسمیاتی کانفرنس کے موقع پر ہوئی، دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں جاری تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیر اعظم آفس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر وزیر اعظم شہباز شریف پرامید ہیں کہ یہ دورہ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے گا‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے دونوں برادر ممالک کے درمیان کثیر الجہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم شہباز نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، ثقافت، اقدار اور باہمی تعاون کی لازوال روایت سے جڑے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم تین روزہ پہلے غیرملکی دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

وزیراعظم نے سعودی عرب میں کام کرنے والے 20 لاکھ پاکستانیوں کی مہمان نوازی اور تعاون کے لیے بھی سعودی عرب کو سراہا۔

ریاض میں اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اعلیٰ سطح پر روابط میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ترقی اور عوام کے درمیان روابط بڑھانے کی اہمیت پر خصوصی زور دیا۔

پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے سعودی عرب کی جانب سے امداد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

انہوں نے امید ظاہر کی کہ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کے سبب نقصاناست سے نمٹنے کے لیے کوپ 27 کے ٹھوس نتائج برآمد ہوں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے ’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو‘ کو سراہا اور سعودی قیادت کو پاکستان کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ ماہ سعودی عرب کا دورہ کیا تھا اور سعودی قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔

اپنے دورے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ شہزادہ محمد بن سلمان جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ ملک میں آئل ریفائنری کے قیام کے لیے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024