• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اگلا ایڈمنسٹریٹر کراچی ایم کیو ایم پاکستان کا ہو گا، خواجہ اظہار کا دعویٰ

شائع November 8, 2022
خواجہ اظہار نے کہا کہ سندھ حکومت جلد ہی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نامزد کردہ شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرے گی— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
خواجہ اظہار نے کہا کہ سندھ حکومت جلد ہی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نامزد کردہ شخص کو ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر کرے گی— فائل فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ایک سینئر رہنما خواجہ اظہار الحسن نے حکمراں جماعت پاکستان پیپلز پارٹی سے ملاقات کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ سندھ حکومت جلد ہی متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے نامزد کردہ شخص کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کرے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پی کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے بلدیاتی انتخابات، کراچی کے مسائل اور سندھ میں سیلاب کے بعد کی مجموعی صورتحال سمیت متعدد امور پر بات چیت کی ہے۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان سے معاملات طے پا گئے ہیں، پیپلز پارٹی کا دعویٰ

ان کا کہنا تھا کہ آج کی ملاقات کے بعد ہم امید کرتے ہیں کہ اگلے چند دنوں میں ہمارے نامزد امیدوار کو کراچی کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کر دیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ایم کیو ایم پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی اور شہر کے متعدد شہری مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔

ایم کیو ایم کے وفد میں پارٹی کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر فیصل سبزواری، خواجہ اظہار، سینیٹر فروغ نسیم اور وسیم اختر شامل تھے۔

صوبائی وزرا سعید غنی اور شرجیل میمن، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وقار مہدی اور کراچی کے ایڈمنسٹریٹر بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے وزیراعلیٰ کی معاونت کی۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان نے گورنر سندھ کو پارٹی کے فیصلوں کا اختیار دے دیا

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

دونوں فریقین نے مقامی حکومتوں کے انتخابات کے امکان اور چھ ماہ قبل دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے میثاق حقوق پر عمل درآمد کے حوالے سے پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024