• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے ہاں بیٹی کی پیدائش

شائع November 7, 2022
دونوں نے اپریل میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں نے اپریل میں شادی کی تھی—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے ہاں بیٹی کی پیدائش پر شوبز شخصیات سمیت انہیں مداحوں نے مبارک باد پیش کرتے ہوئے نوزائیدہ بچی کی لمبی عمر اور صحت یابی کے لیے دعائیں کی ہیں۔

عالیہ بھٹ نے 6 نومبر کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔

انہوں نے پوسٹ میں شیر، شیرنی اور ان کے بچے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوگئی۔

انہوں نے بیٹی کی پیدائش پر شکرانے ادا کرتے ہوئے مداحوں کی نیک خواہشات پر بھی شکریہ ادا کیا۔

عالیہ بھٹ کی جانب سے پوسٹ کیے جانے کے بعد متعدد بولی وڈ اور ہولی وڈ شخصیات نے انہیں مبارک باد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسی حوالے سے ’انڈین ایکسپریس‘ نے بتایا کہ عالیہ بھٹ نے ریاست مہراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے نجی ہسپتال میں بچے کو جنم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: عالیہ بھٹ کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ کو چند گھنٹے قبل ہسپتال داخل کرایا گیا تھا اور انہوں نے 6 نومبر کی دوپہر 12 بجے کے بعد بچے کو جنم دیا۔

عالیہ بھٹ کے ہمراہ ہسپتال میں شوہر رنبیر کپور، ساس نیتو کپور اور والدہ سونی رضدان بھی تھیں جب کہ خبریں نشر ہونے کے بعد مداح بھی ہسپتال کے باہر پہنچ گئے۔

اداکارہ نے رواں برس جون میں بتایا تھا کہ وہ امید سے ہیں اور ان کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

اپنے ہاں بچے کی متوقع پیدائش کی تصدیق کے بعد عالیہ بھٹ کو شوہر رنبیر کپور کے ہمراہ مختلف تقریبات میں بھی دیکھا گیا جب کہ ان کی پہلی فلم ’براہمسترا‘ بھی ریلیز ہوئی۔

عالیہ بھٹ حمل کے اپنی پہلی فلم کی پروموشنز میں بھی شریک ہوئی تھیں۔

رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ نے کئی سال تک تعلقات میں رہنے کے بعد رواں برس اپریل میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024