اسلام آباد پولیس کا انتظامیہ کی اجازت کے بغیر احتجاج پر کارروائی کا انتباہ
اسلام آباد پولیس نے دارالحکومت انتظامیہ کی اجازت کے بغیر شہر میں احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ سیاسی جماعت کے رہنماؤں نے اسلام آباد آمد و رفت کے راستے مسدود کرنے کا اعلان کیا ہے، اسلام آباد کے شہریوں، طلبہ اور مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ٹوئٹ میں تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کی گئی کہ وہ انتظامیہ کی اجازت سے صرف مخصوص مقامات پر ہی احتجاج کریں، عوام سے گذارش ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ اسلام آباد میں بلا اجازت احتجاج کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جن سیاسی کارکنان کی شناخت کی جاچکی اور مقدمات درج کیے جا چکے ہیں ان کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد کیپیٹل پولیس کارروائی کررہی ہے۔