وزیراعظم ’کوپ 27‘ میں شرکت کیلئے آج مصر روانہ ہوں گے
وزیراعظم شہباز شریف 7 اور 8 نومبر کو شرم الشیخ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کی 27 ویں کانفرنس (کوپ 27) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے آج دورہ مصر پر روانہ ہوں گے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سمیت کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام کا وفد کانفرنس میں شرکت کرےگا، اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (کوپ 27) مصر میں منعقد کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے میں پاکستان کی مدد کیلئے عالمی بینک رپورٹ جاری کرے گا
مصر کی زیر صدارت ہونے والے کوپ 27 کے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کانفرنس کے شریک صدر ہوں گے۔
مصری صدر اور کوپ 27 کے چیئرمین عبدالفتاح السیسی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ناروے کے وزیر اعظم کے ہمراہ گول میز کانفرنس کی شریک صدارت کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم اعلیٰ سطح کی دیگرتقریبات میں بھی شرکت کریں گے جن میں ایگزیکٹیو ایکشن پلان کے لیے ابتدائی وارننگ سسٹمز کے اجرا کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی گول میز کانفرنس اور 7 نومبر کو مشرق وسطیٰ کے گرین انیشیٹو سمٹ بھی شامل ہے۔