ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان، بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ نیدرلینڈز سے جنوبی افریقہ کی غیر معمولی شکست کے بعد کوارٹر فائنل کی شکل اختیار کرگیا تھا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 128 رنز کا ہدف دیا تھا جسے پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد رضوان نے 32 گیندوں پر 32 اور مڈل آرڈر بلے باز محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز بنائے۔
ان کے علاوہ شان مسعود 25 بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کپتان بابر اعظم 24، محمد نواز 4 اور افتخار احمد ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح پاکستان نے 19ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 11 گیندیں قبل ہی 128 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: نیدرلینڈز کی ساؤتھ افریقہ کو اپ سیٹ شکست، پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی آسان ہوگئی
بنگلہ دیش کی جانب سے نسُم احمد، شکیب الحسن، مستفیض الرحمٰن، عبادت حسین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
گرین شرٹس اہم میچ میں بنگلہ دیش کو شکست دے کر آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی جب کہ بھارت اس سے قبل گروپ سے سیمی فائنل میں پہنچ چکا تھا۔
قبل ازیں، بنگلہ دیش نے اہم میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے تھے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نجم الحسن شانتو 54 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ان کے علاوہ عفیف حسین 24 اور سومیا سرکار نے 20 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ان کے علاوہ لیگ اسپنر شاداب خان نے 2، حارث رؤف اور افتخار احمد نے ایک، ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا۔
اس میچ کے لیے ٹاس جیتنے کے بعد بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا تھا کہ اس میچ کے لیے ہم بہت پُرجوش ہیں۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 33 رنز سے شکست دے دی
پاکستان کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے، جیت ہمیشہ اعتماد بڑھاتی ہے، 2 میچز ہارنے کے بعد اب ہم اس میچ پر فوکس کر رہے ہیں۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کا آج کا اسکواڈ ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھا۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، شان مسعود، محمد حارث، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ۔
بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، لٹن داس، نجم الحسین شانتو، سومیا سرکار، نور الحسن، عبادت حسین، نسُم احمد، تسکین احمد، مستفیض الرحمٰن، مصدق حسین، عفیف حسین۔