پنجاب: پولیس اہلکار نے کمرہ عدالت میں 2 بھائیوں کو قتل کردیا
فیصل آباد میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں پولیس اہلکار نے اپنے2 مخالفین کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی بھی ہوگیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد کی شناخت 30 سالہ محمد رضوان اور 24 سالہ محمد راشد ملکھن کے نام سے ہوئی ہے جو ملکھن والا گاؤں میں چک 226 آر بی کے رہائشی تھے۔
یہ بھی پڑھیں: شیخوپورہ میں 8 افراد قتل، غفلت برتنے پر ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار گرفتار
فیصل آباد صدر پولیس کی جانب سے دونوں بھائیوں کو قتل کے مقدمہ میں ڈسٹرکٹ جیل سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راجا شاہد ضمیر کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
دونوں مقتول بھائی جب عدالت میں پیش ہوئے تو پولیس یونیفارم میں ملبوس بٹالہ کالونی پولیس اسٹیشن کے اہلکار عامر علی وینس نے محمد رضوان اورمحمد راشد پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دونوں بھائی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ عدالت میں موجود ایک پولیس اہلکار محمد اکرم زخمی بھی ہو گیا۔
ملزم عامر علی نے عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن اس دوران دیگر پولیس اہلکاروں نے اسے حراست میں لے لیا۔
ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ڈاکٹر معین مسعود اور سی پی او عمرن سعید ملک عدالت پہنچے اور دونوں بھائیوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کےلیے الائیڈ ہسپتال منتقل کردیا۔
مزید پڑھیں: کوہاٹ میں 2 افراد کے قتل کے بعد حالات کشیدہ
ملزم کا کہنا تھا کہ دونوں بھائیوں نے ان کے کزن عرفان علی وینس کو قتل کیا تھا جس کی وجہ سے اس نے ان پر فائرنگ کرکے اس کے قتل کا بدلہ لیا۔
گھریلو تنازعات پر قتل
ایک اور واقعے میں فیصل آباد کے علاقہ چک 59 جے بی کے سندلبار پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے اپنے بڑے بھائی کی بیوی اور کم عمر بیٹی کو قتل کردیا۔
ایس ایچ او ارسلان باری کا کہنا ہے کہ محمد شہزاد کی بیوی سبا بی بی کی انہیں کال موصول ہوئی جس میں انہوں نے خودکشی کرنے سے پہلے بتایا کہ اُن کی 8 سالہ بیٹی حنا پروین کو قتل کردیا گیا ہے۔
پولیس جب جائے وقوع پہنچی توپولیس نے سبا کے شوہر کے چھوٹے بھائی شاہد کو تحقیقات کے لیے حراست میں لے لیا، تحقیقات سے معلوم ہوا کہ شاہد نے سبا اور ان کی کم عمر بیٹی کو گھریلو تنازعات پر قتل کیا ہے۔
پیٹرول چوری کے الزام میں مقدمہ درج
دوسری جانب نواں لاہور پولیس نے کراچی سے شیخوپورہ کو پیٹرول سپلائی کرنے والی پارکو پائپ لائن سے پیٹرول چوری کرنے کے الزام میں 3 نامزد افراد سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
پارکو کے ایک اسسٹنٹ سیکیورٹی افسر نے ایف آئی آر میں بتایا کہ شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے سعد سلیم، فیصل آباد سے شاہد اور اصغر اور چک 36 جی بی نواں لاہور سے تعلق رکھنے والے محمد اسلم اور دلشاد علی اور ان کے دو نامعلوم ساتھیوں نے پائپ لائن تک زمین کھود دی تھی اور نواں لاہور میں واقع پیٹرول فلنگ اسٹیشن پر پیٹرول فروخت کررہے تھے،
تاہم اس معاملہ پر ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
دیوار گرنے سے مزدور جاں بحق
دوسری جانب گوجرہ میں دیوار گرنے سے ایک مزدور جاں بحق ہوگیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بستی عیسیٰ نگری سے تعلق رکھنے والے ارشاد مسیح اپنے علاقے کے باہر بھٹے پر کام کر رہے تھے کہ اسی دوران خستہ حال دیوار گر گئی۔
دیگرریکسیو اہلکاروں نے ملبہ ہٹایا اور مزدور کو گوجرہ کی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔