• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

’اپنی جان خطرے میں ڈالنے پر افسوس نہیں، عمران خان کی جان زیادہ اہم ہے‘

شائع November 5, 2022
ابتسام حسن نے شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان سے ملاقات کی—فوٹو : ڈان نیوز
ابتسام حسن نے شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان سے ملاقات کی—فوٹو : ڈان نیوز

لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان پر حملہ آور ہونے والے شخص کو زیر کر کے کا بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ابتسام حسن نے سابق وزیر اعظم پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے جلسوں کے لیے بلٹ پروف کنٹینر استعمال کریں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیر آباد کے رہائشی 30 سالہ ابتسام حسن نے کہا کہ اندھی گولی کسی کو بھی نشانہ بنا سکتی تھی لیکن ہمارے پاس صرف ایک عمران خان ہیں جسے قوم کھونے کی متحمل نہیں ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: لانگ مارچ میں کنٹینر پر فائرنگ، عمران خان سمیت کئی رہنما زخمی، حملہ آور گرفتار

اسٹین لیس برتنوں کا آن لائن کاروبار کرنے والے ابتسام حسن اس وقت پنجاب حکومت کی حفاظتی تحویل میں ہیں۔

سرکاری حکام ان کی حفاظت کے لیے انہیں لاہور لے گئے جہاں وہ (3 نومبر) جمعرات کی شب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے گھر میں مقیم ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے ابتسام حسن نے کہا کہ وہ جمعرات کی شب سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں مقیم ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے 2 درجن اراکن اسمبلی کی موجودگی میں پنجاب پولیس کے دستے نے انہیں سلامی دی۔

مزید پڑھیں: ٹھیک ہوتے ہی دوبارہ سڑکوں پر نکلوں گا، عمران خان

انہوں نے کہا کہ ’میں پی ٹی آئی کا کوئی سرگرم کارکن یا عہدیدار نہیں بلکہ پاکستان کے لیے عمران خان کے انقلابی نظریے کی وجہ سے ان کا حامی ہوں‘۔

ابتسام حسن نے بتایا کہ ’میں نے 2013 کے عام انتخابات سے پی ٹی آئی کو ووٹ دینا شروع کیا، وزیر آباد میں پنجاب اسمبلی کی نشست پر میں نے جماعت اسلامی کے امیدوار اور قومی اسمبلی کی نشست پر پی ٹی آئی کے امیدوار کو ووٹ دیا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’بھارتی نیوز چینلز سے کالز موصول ہونے کے باوجود میں نے انہیں انٹرویو دینے سے انکار کردیا کیونکہ پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے مجھے مشورہ دیا تھا کہ صورتحال کی حساسیت کی وجہ سے بھارت یا برازیل سے موصول ہونے والی کسی کال کا جواب نہ دوں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’حملہ آور مجھ سے صرف 10 میٹر کے فاصلے پر تھا اور جیسے ہی میں نے اس شخص کو دیکھا جس کے ہاتھ میں پستول تھا تو میں اس کی طرف جھپٹا اور پستول چھیننے کی کوشش کی لیکن اس دوران اس نے کئی گولیاں چلائیں، معظم گوندل میرے پیچھے کھڑے تھے، انہوں نے بھی پستول چھیننے کی کوشش کی لیکن بدقسمتی سے انہیں گولی لگ گئی‘۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر حملے کے باوجود پی ٹی آئی کا پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان

ابتسام حسن نے کہا کہ ’حملہ آور نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن بعد میں جائے وقوع کے قریب کار پارکنگ یارڈ سے پکڑا گیا، مجھے اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے پر کوئی افسوس نہیں ہے کیونکہ ملک کے لیے عمران خان کی جان زیادہ اہم ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں سے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے جلسوں کے لیے بلٹ پروف گاڑی کا بندوبست کریں، میں کوئی فعال سیاسی کارکن نہیں ہوں اور نہ ہی شہرت چاہتا ہوں‘۔

انہوں نے کہا کہ مجھے جو چیز پریشان کرتی ہے وہ یہ ہے کہ اگر ایک سابق وزیر اعظم کو حکومت سے نکال باہر کردیا جائے اور انہیں انصاف نہ مل سکے تو ایک عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے مطالبے کے حق میں ہیں کیونکہ اس کے بغیر کوئی اصلاحات ممکن نہیں۔

قبل ازیں ابتسام حسن نے شوکت خانم ہسپتال میں عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں وزیرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر آنے کی دعوت دی، عمران خان نے ان سے وعدہ کیا کہ جب بھی وہ وزیر آباد آئیں گے تو ان کے گھر ضرور آئیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024