افراد پر تنقید کو ادارے پر تنقید نہ سمجھا جائے، اسد عمر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ افراد پر تنقید کو ادارے پر تنقید کے مترادف نہ سمجھا جائے۔
اسد عمر نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ ’گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں عمران خان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے، انہوں نے کبھی ادارے کے خلاف بات نہیں کی بلکہ انہوں نے ہمیشہ ادارے کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے، افراد پر تنقید کو ادارے کی تنقید نہ کہا جائے‘۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’آئی ایس پی آر سے ایک سوال ہے، اگر ادارے کا کوئی فرد غلط کام نہیں کرتا تو کورٹ مارشل کیوں کیا جاتا ہے؟ ماضی میں جنرل افسران کا بھی کورٹ مارشل ہو چکا ہے‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اگر وہ ایسی کارروائیاں کرتے ہیں جن پر کورٹ مارشل ہو سکتا ہے تو ان پر انفرادی طور پر تنقید کیوں نہیں کی جا سکتی؟