• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر، پیپلزپارٹی نے سوال اٹھادیے

شائع November 5, 2022
پیپلزپارٹ رہنما نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے معظم گوندل کے قتل کو بھی حکومت پنجاب نے نظر انداز کیا ہے—فائل فوٹو: عون جعفری
پیپلزپارٹ رہنما نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے معظم گوندل کے قتل کو بھی حکومت پنجاب نے نظر انداز کیا ہے—فائل فوٹو: عون جعفری

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری سید حسن مرتضیٰ نے وزیر آباد فائرنگ اور واقعے میں سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے زخمی ہونے کی ایف آئی آر کے اندراج میں غیر معمولی تاخیر پر سوال اٹھایا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنما سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ ’یہ انتہائی حیران کن ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی ابھی تک گجرات ڈویژن میں عمران خان پر حملے کی ایف آئی آر درج نہیں کرا سکے‘۔

یہ بھی پڑھیں: اعلیٰ افسر کے خلاف عمران خان کے الزامات بے بنیاد اور ناقابل قبول ہیں، آئی ایس پی آر

عمران خان پر حملے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سید حسن مرتضیٰ ٰ نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کیا جا چکا ہے لیکن پرویز الٰہی واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے معظم گوندل کے قتل کو بھی حکومت پنجاب نے اب تک نظر انداز کیا ہے اور اس کا مقدمہ بھی اب تک درج نہیں کیا گیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ پی ٹی آئی اس حملے کے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کرنے کے لیے تحقیقات کرنے کے بجائے واقعے کو سیاسی رنگ دینے پر توجہ دے رہی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کابینہ کی عمران خان پر حملے کی مذمت، ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم

انہوں نے کہا کہ ’حیرت کی بات ہے کہ پولیس کی زیرِ حراست ملزمان کے اقبالی بیانات جاری کیے جا رہے ہیں جبکہ صوبائی چیف ایگزیکٹو پرویز الٰہی کو اس کا علم ہی نہیں ہے‘۔

پیپلزپارٹی رہنما نے پی ٹی آئی کے اس مطالبے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ اور ایک فوجی افسر کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری اور احمد چٹھہ کی جانب سے اس حملے کے بارے میں پہلے سے اطلاع ہونے کے دعوے پر ردعمل دیتے ہوئے سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اگر انہیں حملے کے بارے میں پہلے سے علم تھا تو حکومت پنجاب نے اس کے مطابق سیکیورٹی کے بہتر انتظامات کیوں نہ کیے؟

یہ بھی پڑھیں: عمران خان پر حملے کے باوجود پی ٹی آئی کا پیچھے نہ ہٹنے کا اعلان

سید حسن مرتضیٰ ٰ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری اور اسد عمر کے بدنیتی پر مبنی بیانات پر افسوس کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ اس رویے کے نتیجے میں ملک عدم استحکام سے دوچار ہوگا۔

انہوں نے عمران خان کو مشورہ دیا کہ وہ سیاست میں نفرت کی جو آگ بھڑکا رہے ہیں اس سے انہیں اور ان کی پارٹی کو بھی نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کو مشورہ دیا کہ ’سیاست کو نفرت سے آلودہ کرنے کے کبھی اچھے نتائج برآمد نہیں ہوئے، اس لیے سیاست کو سیاست کے طور پر ہی کرنا چاہیے‘۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024