• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:12am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:39am Sunrise 7:09am

آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد افغانستان کو 4 رنز سے شکست دیدی

شائع November 4, 2022 اپ ڈیٹ November 5, 2022
آسٹریلیا کی جانب سے 32 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلنے پر گلین میکس ویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا — فوٹو: ٹی 20 ورلڈ کپ ٹوئٹر
آسٹریلیا کی جانب سے 32 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلنے پر گلین میکس ویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا — فوٹو: ٹی 20 ورلڈ کپ ٹوئٹر

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے انتہائی اہم میچ میں آسٹریلیا نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے دی۔

آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کر تے ہوئے افغانستان کو جیت کے لیے 169 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا سکی۔

افغانستان کی جانب سے میچ کے آخری اوورز میں راشد خان نے زبردست فائٹنگ اننگز کھیلی لیکن وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے، راشد خان 23 گیندوں پر 48 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

راشد خان کے علاوہ افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب 39، رحمٰن اللہ گرباز 30، ابراہیم زدران 26 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کے علاوہ دیگر بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکے اور یوں مقررہ اوورز میں افغان ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنا سکی اور 4 رنز سے میچ ہار گئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ اور ایڈم زیمپا نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ کین رچرڈسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

آسٹریلین ٹیم نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اوپنر ڈیوڈ وارنر 25، مچل مارش 45، مارکس اسٹوئنس 25 اور گلین میکس ویل 32 گیندوں پر 54 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے باؤلر نوین الحق نے 3 اور فضل حق فاروقی نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ مجیب الرحمٰن اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آسٹریلیا کی جانب سے 32 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلنے پر گلین میکس ویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

آسٹریلیا کی ٹیم سپر 12 مرحلے کے 5 میچز کھیل چکی ہے اور اس کے 7 پوائنٹس ہیں اور وہ گروپ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہے، جب کہ نیوزی لینڈ کے بھی 7 پوائنٹس ہیں لیکن وہ بہتر رن ریٹ کی وجہ سے پہلی پوزیشن پر ہے۔

اگر انگلینڈ نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو شکست دے دی تو بہتر رن ریٹ کی وجہ سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائیں گی اور میزبان آسٹریلیا میگا ایونٹ سے باہر ہوجائے گا۔

سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سپر 12 مرحلے کا یہ اہم میچ کل 5 نومبر بروز ہفتہ کو کھیلا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024