ٹی20 ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کی عمدہ کارکردگی، زمبابوے کو شکست دے دی
ٹی20 ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز نے باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا اور افریقی ٹیم صرف 20 رنز پر ابتدائی تین بلے بازوں کی خدمات سے محروم ہوگئی۔
اس مرحلے پر شان ولیمز کا ساتھ دینے سکندر رضا آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت قائم کی، 68 کے مجموعی اسکور پر ولیمز کی 28 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی۔
ملٹن شمبا بھی صرف 2 رنز بنا سکے لیکن زمبابوے کو سب سے بڑا دھچکا اس وقت لگا جب اب تک ایونٹ میں ان کے سب سے کامیاب بلے باز سکندر بھی پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 24 گیندوں پر 3 چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 40 رنز بنائے۔
اس کے بعد زمبابوین بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور پوری ٹیم صرف 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے پال وین میکرن 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ برینڈن گلوور، لوگوان وین بیک اور بیس ڈی لیڈ نے 2، 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔
نیدرلینڈز نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو انہیں ابتدا میں ہی اسٹیون مائبرگ کی قیمتی وکٹ کا نقصان جھیلنا پڑا۔
اس مرحلے پر میکس او ڈاؤڈ کا ساتھ دینے ٹام کوپر آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 73 رنز کی شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
ٹام کوپر 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اگلے ہی اوور میں کولن ایکرمین بھی رچرڈ نگاروا کی وکٹ بن گئے۔
میکس او ڈاؤڈ نے نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز کی اننگز کھیلی لیکن بلیسنگ مزربانی نے ان کو چلتا کر کے زمبابوے کو چوتھا نقصان پہنچایا جبکہ اسکاٹ نگاروا بھی اگلے اوور میں نگاروا کو وکٹ دے بیٹھے۔
اختتامی اوورز میں نیدرلینڈز کی ٹیم یکے بعد دیگرے وکٹیں گنوا کر کچھ نروس نظر آئی لیکن بیس ڈی لیڈ نے شان ولیمز کو چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو 5 وکٹوں کی فتح سے ہمکنار کرا دیا۔
میکس او ڈاؤڈ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔