• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

صدف کو اپنی بیٹی سائرہ کے ہاں بھیجنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، شہروز سبزواری

شائع November 1, 2022
شہروز سبزواری کی پہلی شادی سائرہ یوسف سے ہوئی تھی—اسکرین شاٹ
شہروز سبزواری کی پہلی شادی سائرہ یوسف سے ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

اداکار شہروز سبزواری نے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ صدف کنول کو اپنی بیٹی زہرہ کو سائرہ یوسف کےہاں بھیجنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

سائرہ یوسف اداکار شہروز سبزواری کی سابق اہلیہ ہیں، جن سے ان کی طلاق مارچ 2020 میں ہوگئی تھی، اداکار کو سابق اہلیہ سے بھی ایک جواں سالہ بیٹی نورے ہے جو اب والدہ کے ساتھ رہتی ہیں۔

اپنی دونوں بیٹیوں میں محبت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہروز سبزواری نے کہا کہ ان کی سابق اہلیہ کی بیٹی ان کی حالیہ اہلیہ کی بیٹی سے بہت محبت کرتی ہیں۔

’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں اداکار کا کہنا تھا کہ جب ان کی اہلیہ صدف کنول امید سے تھیں، تب انہیں پریشانی تھی کہ ان کی سابق اہلیہ کی بیٹی نورے ناراض نہ ہوجائیں اور ان کے پیدا ہونے والے بچے سے نفرت نہ کرنے لگیں۔

اداکار نے اس بات پر شکرانے ادا کیے اور خوشی کا اظہار کیا کہ ان کی بڑی صاحبزادی اور سائرہ یوسف کی بیٹی نورے نے ان کی دوسری بیٹی اور صدف کنول کی بچی کو اپنایا اور سب سے زیادہ وہی خوش ہوئیں کہ انہیں بہن مل گئی۔

شہروز سبزواری کے مطابق ان کی بڑی صاحبزادی نورے کی چھوٹی بیٹی زہرہ سے محبت دیدنی ہے اور وہ انہیں ایک لمحے کے لیے بھی ایسا نہیں لگتا کہ وہ دونوں سوتیلی بہنیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہروز اور صدف کے ہاں بیٹی کی پیدائش

اداکار کی بات پر میزبان نے جب بچوں کی بہتر پرورش پر شہروز سبزواری اور صدف کنول کے ساتھ ساتھ سائرہ یوسف کی بھی تعریفیں کیں تو اداکار نے کہا کہ مستقبل میں وہ اپنی چھوٹی بیٹی کو سابق اہلیہ کے گھر بھی بھیجیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر نورے چاہیں گی تو وہ اپنی بہن کو ماں کے گھر لے جا سکیں گی۔

اس دوران شہروز سبزواری نے صدف کنول کی جانب دیکھتے ہوئے کہا کہ زہرہ کو سائرہ یوسف کے گھر بھیجنے پر ان کی اہلیہ کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

شہروز سبزواری کی جانب سے بیٹیوں سے متعلق بات کیے جانے کے دوران صدف کنول خاموش رہیں۔

صدف کنول اور شہروز سبزواری کے ہاں رواں برس اگست میں بیٹی زہرہ کی پیدائش ہوئی تھی، دونوں نے مئی 2020 میں شادی کی تھی۔

اس سے قبل شہروز سبزواری کی شادی اداکارہ سائرہ یوسف سے تھی، جن سے ان کی طلاق مارچ 2020 میں ہوئی تھی، دونوں نے 2012 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں 2014 میں بیٹی نورے کی پیدائش ہوئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024